حضرت عمر بن عبد العزیز اور ان کی اہلیہ، کی قبر کی بے حرمتی، امت مسلمہ متفقہ لائحہ عمل بنائے: پرویز الہٰی

حضرت عمر بن عبد العزیز اور ان کی اہلیہ، کی قبر کی بے حرمتی، امت مسلمہ متفقہ ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شام میں چند روز قبل خلیفۃ المسلمین، عمر ثانی، خلیفہ عادل حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ اور ان کی اہلیہ رحمۃ اللہ علیہا کی مبارک قبور کی بے حرمتی کی گئی، ان کے پاک جسد خاکی کو نکالا گیا اور قبر میں کیمیکل مواد ڈال کر جلا دیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مذموم واقعات سے ان عناصر کی نشاندہی ہوتی ہے جو مسلمانوں میں انتشار اور فتنہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، اس افسوسناک، شرمناک اور قابل مذمت عمل پر امت مسلمہ کی خاموشی نہایت کربناک اور شرمناک ہے، امت مسلمہ متحد ہو کر اس طرح کے عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف متفقہ لائحہ عمل بنائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوراً حکومت شام سے رابطہ کرے کہ حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کے مبارک جسد خاکی کو فی الفور بازیاب کروا کے اسی جگہ دفن کیا جائے، اور ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔

پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ آخر -