کرائے کے ترجمان اصلی چینی چوروں سے عوام کی توجہ ہٹا رہے ہیں: مریم اور نگزیب

کرائے کے ترجمان اصلی چینی چوروں سے عوام کی توجہ ہٹا رہے ہیں: مریم اور نگزیب

  

لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شوگر انکوائری کمیشن میں اسد عمر، رزاق داؤد اور عثمان بزدار کے بیانات سے مطمئن نہیں کیونکہ تمام فیصلوں کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں۔اپنے ویڈیو بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کا نام لے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ کرائے کے ترجمان آئیں بائیں شائیں کرکے جھوٹے کاغذ لہراتے اور ہر روز لاپتہ اور کرائے کے ترجمان سرکس کرتے ہیں۔کرائے کے ترجمان مسلم لیگ (ن)کے قائدین کا نام لے کر اصل چینی چور عمران صاحب سے عوام کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔جھوٹ بولا گیا کہ شہبازشریف شاہد خاقان عباسی اور شاہد خاقان عباسی سلمان شہبازکے دبا میں آگئے۔ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے باوجود شہبازشریف نے ایک روپے کی سبسڈی دی اور نہ گنے کی قیمت کم کی۔ پنجاب میں یہ سبسڈی اربوں روپے میں بنتی تھی اور اس کی دوگنا ادائیگی کی جانی تھی جو شہبازشریف نے نہیں کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام جان چکی ہے کہ ملک پر آج مافیا مسلط ہے۔ قوم سے جھوٹ بولا گیا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ عمران صاحب کے کہنے پر جاری ہوئی حقیقت یہ ہے کہ 31 مارچ2017 کو مسلم لیگ (ن)کے بنائے قانون کی وجہ سے یہ رپورٹ قوم کے سامنے جاری کی گئی۔ انکوائری کمیشن کی رپورٹ مسلم لیگ ن کی قانون سازی کی وجہ سے پبلک کی گئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرائے کے ترجمانوں نے اب تک ہمارے چار سوالوں کا جواب نہیں دیا عمران صاحب نے ملک میں چینی کی قلت کے باوجود برآمد کرنے کی اجازت کیوں دی؟عمران صاحب نے روپے کی قدر میں 40 فیصد کمی ہونے کے باوجود سبسڈی دینے کا فیصلہ کیوں کیا؟ عمران صاحب نے مقامی مارکیٹ میں چینی 53 روپے سے 90 روپے ہونے پر کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟ چینی چوری کے مرکزی کردار عمران صاحب کو کمیشن میں کیوں نہیں بلایاگیا؟ کیوں نامزدنہیں کیاگیا؟ انکوائری کمیشن اسد عمر، عثمان بزدار، عبدالرزاق داود کے جوابات سے کیوں مطمئن نہیں ہے؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب پاکستان کے عوام سننا چاہتی ہے۔

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ آخر -