کراچی، لاہور سمیت ملک بھر میں گرج چمک کیساتھ بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

کراچی، لاہور سمیت ملک بھر میں گرج چمک کیساتھ بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ بارش ہوتے ہیں اکثر علاقوں کی بجلی غائب ہو گئی ہے۔کراچی میں مغرب کی نماز کے وقت شہر کے مختلف علاقوں نارتھ ناظم آباد، گلستان جوہر، گلشن اقبال، لانڈھی، کورنگی، ملیر، صدر سعودی ٹاؤن اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔تاہم کچھ دیر کے بعد ہی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ رک گیا۔بارش ہوتے ہیں شہر کے اکثر علاقوں کی بجلی غائب ہو گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ بارش آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں 24ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ راولاکوٹ میں 11 ملی میٹر بارش ہوئی۔بلوچستان میں بارکھان کے علاقے میں 23ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ژوب میں پانچ اور سبی میں تین ملی میٹر بارش ہوئی۔صوبہ پنجاب میں ملتان میں سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اٹک میں 19، اسلام آباد میں 33، پنڈی میں 17 اور لاہور میں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔خیبر پختونخوا میں کاکول میں سب سے زیادہ 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے علاوہ پاراچنار میں 7، مالم جبہ 6 اور بالاکوٹ میں پانچ ملی میٹر بارش ہوئی۔سندھ میں دادو میں دو ملی میٹر اور سکھر میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ گلگت بلتستان میں بھی کچھ مقامات پر ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے کے دوران پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان، شمالی اور وسطی بلوچستان کے اضلاع اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 28ڈگری سینٹی گریڈ،گوادر میں درجہ حرارت 35، قلات میں 27، تربت میں 42ڈگری سینٹی گریڈ، جیونی میں کم سے کم درجہ حرارت 33سبی 45، نوکنڈی میں 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کوئٹہ میں ہوا میں نمی کا تناسب52فیصد، گوادر 86، قلات 45،تربت 60، اور جیونی میں 86فیصد،سبی میں ہوا میں نمی کا تناسب 24فیصد، نوکنڈی میں 14فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے جس سے گرمی مزید کم ہو جائے گی۔

بارش

مزید :

صفحہ آخر -