مارکیٹوں کی طرح دینی تعلیمی ادارے بھی کھولے جائیں: وفاق المدارس العر بیہ

مارکیٹوں کی طرح دینی تعلیمی ادارے بھی کھولے جائیں: وفاق المدارس العر بیہ

  

لاہور(سٹی رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا ایک اہم اجلاس حفاظتی اقدامات و احتیاطی تدابیر کے ساتھ جامعہ اشرفیہ فیروزپور روڈ لاہور میں مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی رہنما حضرت مولانا قاضی عبدالرشید، مفتی محمد حسن،مولانا ڈاکٹر خلیل احمد تھانوی، مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا حافظ حسین احمد، مفتی عبدالحفیظ اور مولانا نعیم الدین، مفتی عزیز الرحمن، مفتی محمدخرم یوسف،مولانامجیب الرحمن انقلابی، مفتی انیس احمد مظاھری،پیر حافظ ابراہیم نقشبندی، مولانا عامر رشید، مولاناعبداللہ مدنی، مولانا اویس علوی، مولانا کلیم اللہ جمیل، مولانا عثمان آفاق، مفتی عارف اللہ سمیت مختلف دینی مدارس کے مہتممین، نمائندگان،مسؤلین اور نامور علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس کے بعدپریس کانفرنس سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی راہنماء مولانا قاضی عبدالرشید، مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، مولانا حافظ زبیر حسن، مفتی عزیز الرحمن اور مفتی خرم یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاق المدارس سمیت ملک کے مختلف دینی مدارس میں 30 لاکھ کے قریب طلبہ و طالبات دینی تعلیم حاصل کررہے ہیں، موجودہ حالات میں دینی مدارس کے منتظمین مزید ان دینی مدارس کو بند کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہمارے نئے تعلیمی سال کا آغاز 10 شوال سے داخلوں کے ساتھ ہو تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں مارکیٹیں، بازار، جلوس اور دیگر معاملات چل سکتے ہیں تو ہم یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ کرونا وائرس کے آڑ میں دینی مدارس و مساجداور تبلیغی مراکز کو ایک سازش کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے جس کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ قائدین باہمی مشاورت اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ جلد ہی دینی مدارس کھولنے اور تعلیمی نظام کو جاری کرنے کا اعلان کریں گے انہوں نے حضرت عمر بن عبدالعزیز، ان کی اہلیہ فاطمہ بنت عبدالملک اور دیگر قبروں اور اجسام کی بے حرمتی پر بھی شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو عبرتناک سزا دلوائی جائے

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -