کورونا وائرسے ایک دن میں 78ہلاکتیں تشویشناک ہیں: جاوید قصوری

      کورونا وائرسے ایک دن میں 78ہلاکتیں تشویشناک ہیں: جاوید قصوری

  

لاہور(سٹی رپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے ایک دن میں 78افراد کی ہلاکت تشویشناک امر ہے۔ملک بھر میں کرونا کے 707مریضوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔ پنجاب میں اب تک سب سے زیادہ 440 افراد اس وباء سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ایک طرف لوگ کرونا سے مررہے ہیں تو دوسری طرف مہنگائی، بے روزگاری اور فاقوں نے عوام کو خود کشی پر مجبور کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے مگر بد قسمتی سے حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش منصوبوں کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے۔ عوام کی زندگی اجیرن اور معاشی مسائل میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں میں قبل ا ز وقت احتیاطی اقدامات کرنے کی کوئی صلاحیت نہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک کے 154اضلاع میں سے 61اضلاع ٹڈی دل کے نشانہ پر ہیں۔ جبکہ آنے والے دنوں میں ان میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ ربیع اور خریف کی فصلوں کا مجموعی نقصان چار ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔ حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے اس حوالے سے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے نااہل ترین حکمران، تبدیلی کا خوشنما نعرہ لگا کر ملک و قوم پر مسلط ہوچکے ہیں۔ عوام کو ان سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹڈ ی دل کے خطرے کا منظم انداز میں تخمینہ لگایا جائے اور سد باب کے لیے فوری جامع منصوبہ بندی تیار کی جائے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کے مطابق 40لاکھ ٹڈیوں کا ایک جھنڈ 35ہزار افراد کی خوراک تباہ کرسکتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ پاکستان مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ کرونا اور ٹڈی دل کے حملوں نے حکومت کی صلاحیت کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ کارکردگی صرف اخباری بیانات تک محدود ہوچکی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -