کورونا وائرس، پنجاب میں متاثر ہونیوالے لوگ زیادہ تر کس عمر کے ہیں؟ تشویشناک انکشاف منظرعام پر
لاہور(ویب ڈیسک) صوبائی محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں اکثریت نوجوانوں کی ہے۔حکومتی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں میں بھی لڑکیوں کے برعکس لڑکوں کی زیادہ تعداد وائرس میں مبتلا ہے۔ صوبے بھر میں سترہ ہزار مردوں میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ چھبیس ہزار مشکوک کیسز ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق خواتین میں چھ ہزار مصدقہ اورآٹھ ہزار مشتبہ مریض ہیں۔ کورونا کے متاثرین میں سولہ سے تیس سال کے افراد سرفہرست ہیں جن کی تعداد سات ہزار تین سو چھیالیس ہے۔اکتیس سے پینتالیس سال کی عمر کے سات ہزار ایک سو دو، چھیالیس سے ساٹھ سال کے چار ہزار نو سو باون، اکسٹھ سے75 سال کے دو ہزار دو سو نو افراد موذی وائرس میں مبتلا ہیں۔ پنجاب میں سب سے کم کورونا کے مریض پچھہتر سال سے زائد عمر کے افراد ہیں، جن کی تعداد فقط تین سو چودہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدا میں کیسز میں اضافے کی رفتار سست تھی لیکن اب اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ اور جون میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آسکتے ہیں۔