فواد چودھری کا ایک بار پھر اسمبلیوں کے مواصلاتی سیشن منعقد کرنے کا مشورہ

فواد چودھری کا ایک بار پھر اسمبلیوں کے مواصلاتی سیشن منعقد کرنے کا مشورہ

  

اسلام ا ٓ باد (آئی این پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک بارپھر اسمبلیوں کے مواصلاتی سیشن منعقد کرنے کا مشورہ د یتے ہوئے کہا ہے کہ ایک درجن سے زائد ارکان پارلیمنٹ کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں،براہ راست اجلاس کی بجائے ورچوئل سیشن کا انقعاد کیا جائے، مواصلاتی سیشن سے اخراجات اور بیماری کے خدشات سے بچا جا سکتا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسمبلی کے براہ راست اجلاسوں کے بعد ارکان پارلیمان میں کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوٹل میں کرنا پیسے کا ضیاع ہوگا، پنجاب اسمبلی کے ہوٹل میں اجلاس سے اضافی طورپر دو کروڑ سیزائد اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی سے فائدہ کیوں نہیں اٹھا رہے، براہ راست اجلاس کی بجائے ورچوئل سیشن کا انقعاد کیا جائے، مواصلاتی سیشن سے اخراجات اور بیماری کے خدشات سے بچا جا سکتا ہے۔فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں غیر ملکی ڈراموں کی بجائے پاکستانی پروڈکشن کو مضبوط کرنے کا مشورہ بھی دیا، ان کا کہنا تھا کہ حیران ہوں کہ پی ٹی وی ہوم غیرملکی پرڈکشن کے ڈراموں پر نازاں ہے، پاکستانی پروڈکشن پر فوکس کرنا ہوگا، ایسا نہ ہوا تو غیرملکی ڈرامے پاکستانی پروڈکشن کو تباہ کردیں گے، غیر ملکی ڈرامہ امپورٹ کرنا ہمیشہ سے سستا رہا ہے مگر غیر ملکی ڈرامہ پاکستانی پروگرامنگ کو تباہ کردے گا۔ فواد چودھری کا شہرہ آفاق ترکش ڈرامہ 'ارطغرل غازی' کے خلاف بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔فواد چودھری کے اس بیان پر ایک صارف کی جانب سے کمنٹ کیا گیا کہ 'پی ٹی وی کو 'ارطغرل غازی' کی طرح کا ڈرامہ تیار کرنے دیں، کیا وہ یہ کر سکتے ہیں۔صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہاں کیوں نہیں۔

فواد چودھری

مزید :

صفحہ اول -