غریب کیلیے ایک اور مشکل،روٹی مہنگی کرنے کااعلان کردیاگیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور میں نان بائیوں نے روٹی مہنگی کرنے کااعلان کرکے غریب کی اذیت مزید بڑھادی۔ ان کا موقف ہے کہ فلور ملز کی جانب سے آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد ان کیلئے یہ ممکن نہیں رہا کہ وہ روٹی اور نان پرانی قیمت پر فروخت کریں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ انہیں کوئی ریلیف دے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریلیف فراہم نہ کیا تو پانچ جون کو قیمتوں میں اضافے کا حتمی اعلان کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت آٹے کی قیمتوں کو پرانی سطح پر لائے گی تو ہم نان روٹی کا ریٹ نہیں بڑھائیں گے۔ ہمارے اخراجات بڑھ رہے ہیں، قیمتوں میں اضافہ اب ناگزیر ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت میں 120 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور قصور شیخوپورہ فیصل آباد اوکاڑہ ساہیوال اور سنٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 120روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا اضافہ کیا گیا ہے۔
فلو ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم بہت مہنگی ہوچکی ہے جس کےباعث پرانے نرخوں پر آٹے کی فروخت ممکن نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہے۔