سعودی عرب میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، بڑا فیصلہ کرلیا گیا
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں لگائے گئے لاک ڈاون میں ہزاروں پاکستانی مختلف ممالک میں پھنس کر رہ گئے جن کی واپسی حکومت کیلیے ایک بڑا چیلنج رہی ہے تاہم اس دوران پاکستان کی قومی ایئرلائن کی خصوصی پروازوں کے ذریعے دنیا بھرسے ہزاروں پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیاہے۔
سعودی عرب میں بھی اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں جن کیلیے حکومت پاکستان نے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کااعلان کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنزاور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 16 خصوصی پروازوں کے ذریعے یکم تا 10 جون تک سعودی عرب میں پھنسے 3 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپسی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی حکومت نے اندرونِ ملک پروازوں کے آپریشن کو بھی 20 سے 22 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا جو کورونا وائرس کی وبا سے قبل 40 سے 45 فیصد تھا۔
ایوی ایشن ڈویژن نے کہا کہ مذکورہ فیصلہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن اور فضائی سروس کے لیے بڑھتی ہوئی طلب کے تناظر میں کیا گیا۔
یہ فلائٹ آپریشن یکم جون سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے شروع ہوگا اور دس جون تک پروازیں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور پشاور ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی۔
حکام کے مطابق شیڈول میں پی آئی اے کی 9 اور سعودی عریبین ایئرلائنز کی 7 پروازیں شامل ہیں جو مختلف اوقات میں مختلف ایئر پورٹس سے اڑان بھریں گی۔