پاک یوتھ فورم کے زیرِاہتمام کانفرنس میں لٹل پروفیسر حماد صافی اور سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز کی شرکت

پاک یوتھ فورم کے زیرِاہتمام کانفرنس میں لٹل پروفیسر حماد صافی اور سفیرِ ...
پاک یوتھ فورم کے زیرِاہتمام کانفرنس میں لٹل پروفیسر حماد صافی اور سفیرِ پاکستان راجہ علی اعجاز کی شرکت

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاک یوتھ فورم کے زیر اہتمام نوجوانوں کو درپیش چیلنجز کے عنوان سے آن لائن کانفرنس منعقد کی گئی جس میں لیٹل پروفیسر حماد صافی کے علاوہ پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے بھی شرکت کی، علاوہ ازیں سعودی عرب کے مختلف شہروں سے پاکستان انٹرنیشنل سکولز کے پرنسپل صاحبان بھی کانفرنس میں شریک تھے. 

دارالحکومت ریاض میں پاک یوتھ فورم کی جانب سے منعقد ہونے والی آن لائن کانفرنس کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے لیٹل پروفیسر حماد صافی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہمارا تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے مگر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں اگر تعلیم کو آن لائن کلاسز کے ذریعے بھی حاصل کیا جائے تو زیادہ مناسب ہے کیونکہ علم کے حصول کو روکنا نہیں چاہئیے، تاہم انٹرنیٹ کے زیادہ استعمال سے بھی گزیز کرنا چاہئیے. 

حماد صافی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے آن لائن ایجوکیشن کا جو سسٹم متعارف کروایا گیا ہے اس سے بھی کافی مدد مل رہی ہے اس کے علاوہ حکومتی سطح پر ملک کے ساٹھ فیصد نوجوان طبقے کو ایسا ماحول دیا جائے جس سے وہ آگے بڑھ سکیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکیں. 

اس موقع پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ ہمارا نوجوان باصلاحیت ہے اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے، اسے چاہئیے کہ وہ اپنی قومی ذمے داری کو سمجھے اور اپنے مستقبل کے علاوہ ملک و قوم کے لئے بھی خدمات کو سرانجام دے. 

آن لائن کانفرنس سے پاک یوتھ فورم کے صدر گل زیب کیانی کے علاوہ عمیر شیخ، اویس رحمان، ذیشان قاضی، وقار نسیم وامق، تصدق گیلانی اور دیگر نے بھی خیالات کا اظہار کیا. 

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -