پی سی بی نے نومبر، دسمبر میں ٹی 20 ہوم سیریز پر کام شروع کر دیا، کس ٹیم کو دعوت دینے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے؟ پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی

پی سی بی نے نومبر، دسمبر میں ٹی 20 ہوم سیریز پر کام شروع کر دیا، کس ٹیم کو دعوت ...
پی سی بی نے نومبر، دسمبر میں ٹی 20 ہوم سیریز پر کام شروع کر دیا، کس ٹیم کو دعوت دینے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے؟ پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ اور ایشیاءکپ کے انعقاد کے خدشات کے پیش نظر رواں برس ایک اور ہوم سیریز کیلئے مختلف پہلوؤں پر کام شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے اکتوبر اور نومبر میں مختصر طرز کرکٹ کی ہوم سیریز کیلئے کام ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے انگلینڈ کو تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کی دعوت دینے کی سوچ بچارکی جارہی ہے اور یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی سی بی حکومت پاکستان کی باقاعدہ اجازت کے بعد رواں سال جولائی میں تین ٹیسٹ اور ٹی 20 میچوں پر مشتمل مکمل سیریز کیلئے انگلینڈ جانے پر بھی اتفاق کرچکا ہے۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس کے بعد پی سی بی تین نئے منصوبوں پر کام کررہا ہے جہاں ٹی 20 ورلڈ کپ جیسے اہم فیصلے لئے جانے تھے لیکن اجلاس 10 جون تک ملتوی کردیا گیا۔اطلاعات ہیں کہ ٹی 20 ورلڈ کپ رواں برس منعقد نہیں ہوگا گوکہ کرکٹ آسٹریلیا اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ٹورنامنٹ کے اگلے برس انعقاد پر متفق نہیں ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کی خواہش ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ اگلے سال کیلئے ملتوی ہو اور بھارت 2021ءکے بجائے 2022 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرے۔پی سی بی نے آئی سی سی کے اجلاس سے قبل بی سی سی آئی کے فیصلے سامنے آنے کے معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔

آئی سی سی سے دیگر کرکٹ بورڈز نے بھی اس معاملے پر احتجاج کیا اور فیصلوں کے حوالے سے خبریں منظر عام پر آنے کو تشویشناک قرار دیا۔اجلاس میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے اراکین کی سربراہی میں عالمی ماہرین کے تعاون سے فوری طور پر آزادانہ تحقیقات کروانے پر اتفاق کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں برس جولائی میں انگلینڈ جائے گی جہاں دورے کا آغاز 5 اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگا۔قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے کی اور دورے کا آغاز 5اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے متوقع ہے۔

طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں کھیلے گی۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں بالترتیب 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوں گے۔

پاکستانی ٹیم ممکنہ طور پر یکم جون سے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں دورے کیلئے تیاریوں اور پریکٹس کا آغاز کرے گی اور 25 کھلاڑیوں کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ بھیجا جائے گا۔قومی ٹیم کی انگلینڈ روانگی جولائی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے اور وہاں قومی ٹیم کو کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے طور پر 14دن قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

مزید :

کھیل -