پنجاب پولیس کے اہم ترین افسر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ،پولیس کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)عالمی وبائی مرض کورونا نے پاکستان بھر میں اپنے پنجے پوری طرح پھیلا دیئے ہیں اور کورونا مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے،اب پنجاب پولیس کے اہم ترین افسر ڈی آئی جی آپریشنزپنجاب سہیل اختر سکھیرا بھی کوروناوائرس کا شکار ہو گئے ہیں، ڈی آئی جی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا، چندروز میں ڈی آئی جی سے ملنے والے افسران نے کورونا ٹیسٹ کرانا شروع کر دئیے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والی پنجاب پولیس کے افسران بھی کورونا وائرس کے شکنجے میں آگئے،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب سہیل سکھیرا کوروناوائرس کاشکار ہوگئے ہیں،ڈی آئی جی سہیل اختر سکھیرا کو چند روز سے بخار تھا،کورونا ٹیسٹ کروانے پر ان کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آگئی،جس پر ڈی آئی جی سہیل سکھیرا نے خودکو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے،سنٹرل پولیس آفس کے پہلے اعلی افسر میں کورونا وائرس مثبت آنے پر افسران میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور چندروز کے دوران سہیل سکھیرا سے ملنے والے افسران نے بھی کورونا ٹیسٹ کرانا شروع کردئیے ہیں، قبل ازیں سی پی او کے 10ملازمین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آچکاہے۔