الیکٹرک گاڑی ٹیسلا اور اب لوگوں کو خلا میں بھیجنے کے لیے راکٹ بنانے والا ایلن مسک دراصل کون ہے؟ چھوٹے سے گھر سے اربوں ڈالر کمانے تک کا حیرت انگیز سفر

الیکٹرک گاڑی ٹیسلا اور اب لوگوں کو خلا میں بھیجنے کے لیے راکٹ بنانے والا ایلن ...
الیکٹرک گاڑی ٹیسلا اور اب لوگوں کو خلا میں بھیجنے کے لیے راکٹ بنانے والا ایلن مسک دراصل کون ہے؟ چھوٹے سے گھر سے اربوں ڈالر کمانے تک کا حیرت انگیز سفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکٹرک گاڑی ٹیسلا کی بات ہو یا خلائی راکٹس بنانے کا کارنامہ، ایلن مسک کا نام آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔ ابھی چند روز قبل ہی انہوں نے اپنے ایک خلائی راکٹ کے ذریعے ناسا کے دو خلاءبازوں کو خلائی سٹیشن پر روانہ کیا۔ اس ذہین ترین آدمی کے ماضی پر نظر دوڑائیں اور اس کی کامیابی کی داستان پڑھیں تو اس میں حیرت کے کئی سامان ہیں، کہ کیسے ایک ٹوٹی پھوٹی فیملی میں طلاق یافتہ ماں باپ کے درمیان شٹل کاک بن کر پلنے بڑھنے والا بچہ آج دنیا کا کامیاب ترین موجد اور ارب پتی بنا جسے آج دنیا ’جینیئس بوائے‘ کے لقب سے پکارتی ہے۔
میل آن لائن کے مطابق ایلن مسک جنوبی افریقہ میں پیدا ہوا تھا۔ اس کا والدایرل مسک انجینئرتھا اور اس کی والدہ مئے (Maye)سابق ماڈل اور مصنفہ تھی۔ ایلن 8سال کا تھا جب ان دونوں میں طلاق ہو گئی اور اس کے بعد وہ کبھی ماں کے پاس اور کبھی باپ کے پاس رہا۔ سکول میں ایلن مسک کو دیگر بچے دھونس کا نشانہ بناتے بلکہ باقاعدہ اس پر تشدد کرتے۔ ایک بار تو سکول میں دیگر بچوں نے اس پر ایسا تشددکیا کہ وہ ایک ہفتے تک ہسپتال میں رہا۔ یہ تو اس کی بچپن کی محرومیاں تھی مگر ایلن مسک بچپن ہی سے پڑھنے اور نئی باتیں سیکھنے کے جنون میں مبتلا تھا۔ اس نے انتہائی بچپن میں ہی انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا پورے کا پورا پڑھ ڈالا تھا۔ وہ چاہتا تھا کہ اسے پوری دنیا کے بارے میں علم حاصل ہو۔ 10سال کی عمر میں اسے پہلی بار کمپیوٹر خرید کر دیا گیا اور کمپیوٹر ملنے کے چند دن کے اندر اس نے کوڈنگ سیکھ لی ۔ 12سال کی عمر میں اس نے اپنی پہلی ٹیک پراڈکٹ تیار کی۔ یہ ویڈیو گیم تھی جس کا نام ’بلاسٹر‘ (Blastar)تھا جو اس نے 500پاﺅنڈ میں فروخت کی۔ یہ ایلن مسک کی زندگی کی پہلی کمائی تھی۔
ایلن مسک اپنے باپ ایرک مسک کو سخت ناپسند کرتا تھا اور اب بھی اس کے متعلق ویسے ہی جذبات رکھتا ہے۔ 2018ءمیں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایرل مسک نے اپنی سوتیلی بیٹی جینا(Jana)کے ساتھ تعلق قائم کیا اور اس سے ایک بچہ پیدا کر ڈالا۔ ایلن کو اپنے باپ کی یہ حرکت بھی سخت ناگوار گزری تھی اور اس نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ”ایرل ایک خوفناک انسان ہے۔“17سال کی عمر میں ایلن مسک جنوبی افریقہ سے فرار ہونے کے لیے بے تاب تھا کیونکہ وہ اپنے باپ سے چھٹکارا چاہتا تھا جو اسے معمولی غلطی پر کڑی سزا ئیں دیتا تھا۔
ایلن نے اپنی ماں کے آبائی ملک کینیڈا جانے کا فیصلہ کیا اور وہاں پہنچ گیا اور اسے اپنی ماں کی وجہ سے کینیڈا کی شہریت مل گئی۔ جب وہ کینیڈا پہنچا تو اس کے پاس ایک پیسہ بھی نہیں تھا۔ وہ اپنے رشتہ داروں کے رحم و کرم پر تھا۔ وہ ان کے گھر میں رہتا اور کئی کئی دن ہاٹ ڈاگز پر گزارا کرتا تھا۔ 19سال کی عمر میں ایلن مسک کو انڈرگریجوایشن کے لیے کوئنز یونیورسٹی کنگسٹن اونٹاریو میں داخلہ مل گیا۔ اس کے بعد اس کا تبادلہ یونیورسٹی آف پنسلوانیا میں ہو گیا اور صرف 24سال کی عمر میں اس نے بیچلر آف سائنس کی ڈگری بھی لے لی۔ ساتھی ہی اس نے اکنامکس کے مضمون میں بیچلر آف آرٹس کی ڈگری بھی لے لی۔1995ءمیں ایلن مسک 24سال کی عمر میں کیلیفورنیا چلا گیا اور وہاں سٹین فورڈ یونیورسٹی میں اپلائیڈ فزکس میں پی ایچ ڈی کرنا شروع کر دیا مگر چند روز بعد ہی اس کا ارادہ بدل گیا اور وہ ڈگری ادھوری چھوڑ کر عملی میدان میں آ گیا۔ ابتداءمیں اس کی ساری توجہ انٹرنیٹ اور ری نیوایبل انرجی کی طرف تھی۔
1995ءمیں ایلن مسک نے اپنے بھائی کمبال کے ساتھ مل کر Zip2نامی ویب سافٹ ویئر کمپنی قائم کی جو بعد میں ترقی کرکے اخبارات اور پبلشنگ انڈسٹری کے لیے ایک سٹی گائیڈ بن گئی۔مارچ 1999ءمیں ایلن مسک نے ایک آن لائن فنانشل سروس اور ای میل پے منٹ کمپنی ’ایکس ڈاٹ کام‘ قائم کی۔ اس میں وہ شریک بانی تھے۔ اس کے ایک سال بعد یہ کمپنی پے پال کے روپ میں سامنے آئی جو آج پوری دنیا میں سروس فراہم کر رہی ہے۔
2001ءمیں ایلن مسک نے مارس اویسس نامی پراجیکٹ کا تصور پیش کیاجس کے تحت مریخ پر ایک تجرباتی گرین ہاﺅس قائم کیا جانا تھا اوروہاں فصلیں اگائی جانی تھیں۔ اکتوبر 2001ءمیں ایلن مسک نے خلائی سفر کو آسان بنانے کی کوششیں شروع کیں اور ماسکو کا سفر کیا جہاں اس نے سیٹلائٹس اور خلائی جہاز بنانے والے ماہرین سے ملاقاتیں کیں اور جون 2002ءمیں اس نے سپیس ایکس نامی کمپنی کی بنیاد رکھی جو اب ناسا کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
بہت پیسہ اور شہرت ہونے کے باوجود ایلن مسک کی خانگی زندگی بھی بہت دگرگوں رہی۔ انہوں نے پہلی شادی جسٹن ولسن نامی ناول نگار خاتون کے ساتھ کی تھی۔ وہ دونوں یونیورسٹی میں ملے تھے۔ شادی کے بعد ان کے ہاں پانچ بیٹے پیدا ہوئے، دو جڑواں اورپھر دوسری بار تین بچے ایک ساتھ پیدا ہوئے۔ ایلن چونکہ ہمہ وقت کام میں مگن رہتے تھے چنانچہ ان کی اہلیہ تنگ آ گئی اور اس نے 2008ءمیں طلاق لے لی۔ ایلن مسک نے چند ہفتوں بعد ہی برطانوی اداکارہ ٹیلولا ریلے کے ساتھ تعلق قائم کر لیا۔ اس کے ساتھ ایلن نے 2012ءمیں شادی کی اور اسی سال طلاق ہو گئی۔ پھر ریلے کے ساتھ 2013ءمیں ایلن نے دوسری بار شادی کی اور 2015ءمیں دوسری بار طلاق ہو گئی۔اس کے بعد کچھ عرصہ تک ایلن مسک کا ہالی ووڈ اداکارہ امبر ہرڈ کے ساتھ تعلق رہا اور پھر اسے چھوڑ کر انہوں نے کینیڈین گلوکارہ گرائمز کے ساتھ تعلق قائم کر لیا جو اب ان کے ایک بچے کی ماں بھی ہے۔ بہرحال یہ ایلن مسک کی اپنے کام کے ساتھ لگن ہے جو ان کی گھریلو زندگی پر اثرانداز ہوتی ہے۔ ان کے اپنے مقصد پر کاربند ہونے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے، کہ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا ہے”میں چاہتا ہوں کہ جب میں ریٹائر منٹ لوں تو اس وقت میری رہائش مریخ پر ہو۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -