کورونا وائرس کی ویکسین مارکیٹ میں کب آئے گی؟ معروف ترین دوا ساز کمپنی PFIZER کے سربراہ نے بڑی خبر دے دی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اس وقت دنیا کے ہر شخص کے ذہن میں ایک ہی سوال ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کب آئے گی اور اس موذی وباءکا کب خاتمہ ہو گا۔ معروف ترین دوا ساز کمپنی Pfizerکے سربراہ نے اب اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر البرے بورلا نے کہا ہے کہ اب ہمیں زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ میں بہت پرامید ہوں کہ رواں سال اکتوبر کے اختتام تک کورونا وائرس کی ویکسین تیار ہو جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق Pfizerاس وقت جرمنی کی فارماسیوٹیکل کمپنی بائیواین ٹیک کے ساتھ مل کر یورپ اور امریکہ میں متعدد ویکسینز بنا رہی ہے۔اس وقت ان کی ویکسین ’بی این ٹی 162¾ کے انسانوں پر ٹیسٹ جاری ہیں۔ کمپنی اپنی چار آر این اے ویکسینز کے بھی ٹیسٹ کر رہی ہے۔ کورونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے صرف یہ ایک کمپنی ہی نہیں ہے جس نے اکتوبر تک ویکسین تیار کرنے کی خوشخبری سنائی ہے۔ برطانوی فارماسیوٹیکل کمپنی ایسٹرا زینیکا بھی 2020ءکے اختتام تک ویکسین تیار کرنے کی خوشخبری سنا چکی ہے۔