ایک اور ملک کے وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
یریوان(ڈیلی پاکستان آن لائن)آرمینیا کے وزیراعظم نکول پشین یوان اپنے اہل خانہ سمیت کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں تاہم اُنہوں نے خود کو قرنطینہ کرنے کی بجائے وزیر اعظم ہاؤس سے تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمینیا کے وزیراعظم نکول پشین یوان نے سوشل میڈیا ایپ فیس بک کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کے نوول کرونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ پشین یوان کا کہنا ہے کہ ان میں کوئی علامات ظاہر نہیں اور وہ احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئےوزیراعظم ہاؤس سے کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا جہاں تک ضرورت ہوگی،یقینی طور پر الگ تھلگ کی شرائط کے ساتھ وہ یہاں سے بیٹھ کر کام کریں گے۔ آرمینیا کے وزیراعظم نے ایک بار پھر شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہمیشہ چہرے کے ماسک پہنا کریں اور باقاعدگی کے ساتھ ہاتھوں کو جراثیموں سے صاف کریں۔ یاد رہے کہ آرمینیا میں نوول کرونا وائرس کے کیسز کی تعدد 9ہزار 282تک بڑھ گئی ہے جبکہ آرمینیا کی حکومت کے مطابق 3ہزار 396 افراد اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں تاہم اموات کی تعداد 131 ہے۔