اپوزیشن اپنے دائمی حسد میں صبح شام "رونا پالیسی" پر گامزن ہے،فیاض الحسن چوہان دل کھول کر حکومت مخالف جماعتوں پر برس پڑے
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نےکہاہےکہ وزیرِاعظم عمران خان کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہے لیکن اپوزیشن اپنے دائمی حسد میں وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور کرونا ریلیف اقدامات کا اعتراف کرنے کی بجائے صبح شام رونا کی پالیسی پر گامزن ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ماہِ جون کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےصوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نےکہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے عوام کے لیے تحفہ ہے،ماضی میں عالمی منڈی میں پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے اثرات اس حد تک عوام تک نہیں پہنچا ئے گئے۔ پیر کو فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث شدید مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنا وزیراعظم عمران خان کا طرہ امتیاز ہے اور وزیرِ اعظم عمران خان کے غریب عوام سے گہرے تعلق کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں کرونا سے بچاؤ اور خاتمے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان کی کوششوں کی پوری دنیا معترف ہے لیکن اپوزیشن اپنے دائمی حسد میں وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور کرونا ریلیف اقدامات کا اعتراف کرنے کی بجائے صبح شام "رونا پالیسی" پر گامزن ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کرونا کے خلاف زبانی جمع خرچ کی بجانے عملی اقدامات میں قدم بڑھائے۔