ناقص تفتیش پر افسران کیخلاف کارروائی کیلئے سی سی پی او کو مراسلے بھجوادیئے
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)تفتیش ٹھیک نہ کرنے پر پراسیکیوشن آفس نے لاہور کے بارہ تھانوں کے تفتیشی افسران کے خلاف سی سی پی او کو فوری کارروائی کیلئے مراسلے بھجوا دئیے ۔تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ پراسیکیوشن میں پولیس کی طرف سے پیش کیے جانے والے چالانوں میں ناقص تفتیش سامنے آئی،جس پر عدالتی پراسیکیوٹروں نے سی سی پی او کو تفتیشی افسران کیخلاف کارروائی کے مراسلے بھجوانے شروع کر دئیے پہلے مرحلے میں بارہ تھانوں کے تفتیشی افسران کیخلاف نوٹس بھجوائے گئے سی سی پی او سے ناقص تفتیش کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی استدعا کی گئی، جن تھانوں کے تفتیشی افسران کیخلاف کارروائی کی استدعا کی ان میں نشترکالونی کے ٹی ایس آئی محمد احسان، سلیم خان، تھانہ شادباغ کے احمد نواز، محمد نواز احمد، تھانہ گوالمنڈی کے محمد ثقلین احمد جبکہ تھانہ نواں کوٹ اور مصری شاہ سمیت ایک درجن تھانوں کے تفتیشی شامل ہیں۔