الخدمت ویمن ونگ نے فلسطینی مسلمانوں کیلئے ایک کروڑ کا چیک پیش کر دیا

الخدمت ویمن ونگ نے فلسطینی مسلمانوں کیلئے ایک کروڑ کا چیک پیش کر دیا

  

 لاہور(پ ر) الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت فلسطین میں جاری ریلیف آپریشن کے لئے 1کروڑ روپے کا دوسرا چیک پیش کردیاگیا۔ وومن ونگ ٹرسٹ کے وفد نے الخدمت کمپلیکس لاہور میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمد عبدالشکور کو امدادی رقم کا چیک پیش کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔محمد عبدالشکور نے الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی صدر نویدہ انیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری بہنیں خدمت خلق کے میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں۔مشکل کی ہر گھڑی میں الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ نے ہمارے شانہ بشانہ بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے۔ مصیبت میں گھِرے اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کے لئے وومن ونگ ٹرسٹ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

انھوں نے کہا کہ غزہ میں وسیع پیمانے پر تباہی کے باعث ابھی بھی ایک بڑے ریلیف آپریشن کی ضرورت ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی صدرنویدہ انیس نے اس حوالے سے  بتایا کہ اس سے پہلے بھی وومن ونگ ٹرسٹ نے ایمرجنسی ریلیف، خوراک اور ادویات کے لئے ایک کروڑ روپے فلسطین ریلیف فنڈ میں جمع کروائے ہیں۔ جبکہ ایک کروڑ روپے کی دوسری  قسط خصوصی طور پرغزہ میں ایمبولینس سروس کے لئے پیش کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعدہزاروں متاثرہ فلسطینی خاندان ہماری امداد کے منتظر ہیں۔ اس مقصد کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ  ہمہ وقت تیارہے اور اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -