کورونا، مزید 43اموات، 3جون سے 18سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا فیصلہ 

        کورونا، مزید 43اموات، 3جون سے 18سال عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کا ...

  

  اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر،لیڈی رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 43 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20779 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار 53 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2117 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 3 ہزار 947 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن 3 جون سے شروع کی جائے لہٰذا ویکسین کے اہل عمر کے افراد اپنے آپ کو جلد از جلد رجسٹرڈ کروائیں۔ اسد عمر نے کہا کہ رمضان اور عید کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑے کیونکہ مثبت کورونا کی شرح 10سے 11فیصد تک پہنچ چکی تھی، بروقت فیصلوں کا اچھا اثر ہوا، ملک میں صورتحال بہتر ہورہی ہے،مثبت کورونا کیسز کی شرح چار فیصد سے زیادہ ہے، سندھ میں کورونا وباء کا پھیلاؤ زیادہ ہے، وہاں احتیاط کی ضرورت ہے،پیر کو این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں زیادہ ویکسینیشن ہو چکی ہے وہاں کورونا کیسز میں کمی آئی ہے،ہم اس سال کے آخر تک  7کروڑ ویکسینیشن کا ہدف حاصل کرلیں گے،70لاکھ پاکستانیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے،ہماری کوشش ہے کہ عید الاضحی سے پہلے اتنی ویکسینیشن کی جائے کہ زیادہ پابندیاں نہ لگانی پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ ویکسین لگوائیں، ویکسینیشن سینٹر کے قیام کیلئے صوبائی حکومتوں سے رابطے میں ہیں،اٹھارہ سال سے اوپر کے تمام پاکستانیوں کیلئے مفت ویکسین موجود ہے،جون اور جولائی میں دو کروڑ ویکسین پاکستان میں میسر ہوں گی،ویکسینیشن کے عمل کو بڑھانے کیلئے میڈیا ہاؤسز، تاجر تنظیموں اور علماء کرام کو شامل کیا جائے گا۔ دوسری جانب وزارت صحت نے فائزر کمپنی کی ایم آر این اے ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ فائزر کمپنی نے بھی ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ایم آر این اے ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں خریدی جائیں گی۔ پاکستان میں فائزر کی خوراکیں جولائی یا اگست تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ویکسین کی سٹوریج کیلئے 23 الٹرا کولڈ چین فریزر خرید لئے گئے۔ وزارت صحت کا کہنا تھا کہ فائزر ویکسین کم قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی۔  کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت کی جانب سے گزشتہ روز میٹرک کے بچوں کو سکولوں میں داخلے کی اجازت مل گئی طلبا کو پچاس فیصد حاضری کے تحت ایک دن چھٹی اور ایک دن سکول آنے کی اجازت ہوگی، سات جون تک کسی اور جماعت کے بچوں کو سکول بلوانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ تعلیمی نظام کی بحالی اوراساتذہ کو اس جان لیوا وائرس سے بچانے کیلئے حکومت نے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اساتذہ اور تعلیمی سٹاف کیلئے ملک بھر کی تمام تحصیلوں میں خصوصی ویکسی نیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے، علاوہ ازیں تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر بھی اساتذہ کیلئے الگ کاؤنٹر بھی مختص کیا جائے گا۔

کورونا

مزید :

صفحہ اول -