صفائی نصف ایمان، گندگی ہو یا دوسری ہم اسکو صاف کرینگے: فردوس عاشق

صفائی نصف ایمان، گندگی ہو یا دوسری ہم اسکو صاف کرینگے: فردوس عاشق

  

 لاہور(لیڈی رپورٹر) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔جس کے تحت عوام کی طرززندگی میں بہتری آئے گی اور ان کے مسائل کا تدارک ان کی دہلیزپر کیا جائے گا۔یہ ایک ایسا پروگرام ہے جس سے نہ صرف انتظامیہ کی کارکردگی کو مانیٹر کیاجائے گا بلکہ عوام کی شکایات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جی سی یونیورسٹی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ عوام کو جوابدہ ہے۔”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام نے اس وعدے کی تکمیل کو ممکن بنایا۔پہلے مرحلے میں یہ پروگرام تین ہفتوں پر مشتمل ہے۔پہلے ہفتے میں پنجاب کے 36اضلاع میں صوبائی مہم چلائی جارہی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ صفائی نصف ایمان ہے۔تین سال ہم اپوزیشن اور اداروں کی صفائی کرتے رہے۔خواہ سیاسی گندگی ہو یا دوسری گندگی ہم اس کو صاف کریں گے اور اپنی نئی نسل کیلئے ایسا ماحول بنائیں گے جو اْن کی صحت کیلئے اچھا ہو۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ قانون سب کیلئے برابر ہے حکومتی ممبران کے درمیان ٹکراؤ نہیں ہوناچاہیے۔علی ظفر کو مشترکہ رپورٹ کاجائزہ لینا تھا۔رپورٹ کو مرتب کرنے میں وقت لگے گا۔میرا وعدہ ہے کہ جب رپورٹ بنے گی تو وزیراعظم اس کو پبلک کریں گے۔حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جائے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شہزاد اکبر اور نذیرچوہان دونوں میرے بھائی ہیں ان سے گزارش ہے کہ غیرذمہ دارانہ بیانات سے گریز کریں۔کسی کے مذہب کے حوالے سے میڈیا میں بیان بازی کرناصحیح نہیں۔بے احتیاطی اور لاپرواہی کی وجہ سے نذیر چوہان نے جو بیان دیا، یا تو ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں یا پھر معذرت کریں۔ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہاکہ شہبازشریف پہلے پوزیشن واضح کریں کہ وہ کونسی پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں جس میں سے پی نکل گیا ہے صرف ڈکیٹ موومنٹ رہ گئی ہے۔شہبازشریف مغالطے کا شکار ہیں اور مجھے ان سے ہمدردی ہے۔

فردوس عاشق 

مزید :

صفحہ اول -