ڈیرہ، رجسٹرار گومل یونیورسٹی طارق محمود کی وفات پر تعزیتی اجلاس

ڈیرہ، رجسٹرار گومل یونیورسٹی طارق محمود کی وفات پر تعزیتی اجلاس

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر کی زیر صدارت رجسٹرار گومل یونیورسٹی طارق محمود کی وفات پر تعزیتی اجلاس کا انعقادکیا گیا۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض پبلسٹی آفیسر راجہ عالم زیب نے ادا کئے۔تعزیتی اجلاس میں تمام شعبہ جات کے ڈین، ڈائریکٹرز، افسران، اساتذہ،ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مسرور الٰہی بابر نے کہا کہ مرحوم رجسٹرار طارق محمود نے یونیورسٹی کیلئے جو خدمات پیش کیں ان کو بھلایا نہیں جا سکتامرحوم طارق محمود نہایت ہی ایماندار، مخلص،محنتی اور شریف النفس انسان تھے ان کے جانے سے جو خلاء پیدا ہوا وہ شاید ہی کبھی پورا ہو۔انہوں نے جس لگن اور جانفشانی سے ادارے کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کیلئے جو کام کیا اس پر آج ہم سب ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ وقت گزر جاتے ہیں لوگ آتے جاتے ہیں مگررجسٹرارطارق محمود نہ صرف اپنی فیملی بلکہ ہمیں بھی اکیلا چھوڑ گئے۔ اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے خاندان کے ساتھ برابرکے شریک ہیں اور دعا کرتے ہیں اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائیں اور لواحقین کو صبر وجمیل عطا فرمائیں۔ تعزیتی اجلاس کے اختتام پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے چیئر مین شعبہ اسلامیات ڈاکٹر عبدالحمید نے دعا بھی کروائی۔دریں اثناء رجسٹرار طارق محمود کے ایصال ثواب کیلئے گومل یونیورسٹی کے سب کیمپس ٹانک میں ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد جمیل کی زیر صدارت تعزیتی اجلاس کاانعقاد کیا گیا جس میں تمام اساتذہ اور ملازمین نے شرکت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر و جمیل کیلئے دعا کی گئی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -