سینیٹ، 3قراردادیں متفقہ منظور، 2بل کمیٹیوں کے سپرد 

سینیٹ، 3قراردادیں متفقہ منظور، 2بل کمیٹیوں کے سپرد 

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نیوزایجنسیاں) چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے گارڈینز اینڈ وارڈز ترمیمی بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔دو روزہ وقفے کے بعد پیر کو سینیٹ اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جس میں گارڈیننز اینڈ وارڈز ترمیمی بل سینیٹر محسن عزیز نے پیش کیا،چیئرمین سینیٹ نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ مجوزہ بل کے مطابق والد کی ذہنی حالت درست نہ ہونے پر بچے اور ماں کو گارڈین مقرر کیا جا سکے۔اجلاس کے دور ان بچوں کو جسمانی سزا دینے کی ممانعت کا بل سینیٹر سعدیہ عباسی نے پیش کیا  جسے قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔دوسری جانب پشاور اور لاہور کے درمیان باقاعدہ طور پر پروازیں شروع کرنے،ملک کے چھوٹے صوبوں خصوصا بلوچستان اور خیبر پختونخوامیں کمرشل بینکوں کی جانب سے غیر منصفانہ اور غیر مساویانہ اور بلوچستان میں انٹر نیٹ کی فراہمی کی قرار دادیں متفقہ طورپر منظور کرلی گئیں۔سینیٹ میں اپوزیشن اراکین نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بجلی مہنگی ہونے سے اشیا ء بھی مہنگی ہو رہی ہے، عام پاکستانی کو بہت مشکلات ہیں،کے الیکٹرک کراچی میں ڈاکو بن کر عوام کو لوٹ رہی ہے جبکہ وزارت پاور کے حکام کی اجلاس میں عدم شرکت پر چیئرمین سینیٹ برہم ہوگئے اور کہاہے کہ اگلے اجلاس میں سیکرٹری پاور ڈویژن پیش نہ ہوئے تو کارووائی کرینگے، وزیراعظم کو شکایت لگاکر سیکرٹری پاور کو فارغ کروا دینگے۔ اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ بجلی قیمتوں میں دو سالوں کے دوران دو سو فیصد اضافہ ہوا، ایک عام پاکستانی کو بہت مشکلات کاسامنا ہے، بجلی مہنگی ہونے سے اشیا بھی مہنگی ہو رہی ہے۔مراد سعید نے کہاکہ موجودہ حکومت دس ڈیمز پر کام کر رہی ہے،کے پی میں سکولز مساجد کو سولر پر منتقل کردیالیکن یہ طویل مدتی حل نہیں معاہدوں میں آپکو تیس سال تک پھنسا دیا گیاسنیٹر فیصل جاوید  نے کہاکہ سیاستدان کی کوشش ہوتی ہے اگلہ الیکشن لڑنا،لیڈر اگلی نسلوں کے بارے میں سوچتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچاس سال سے ایک ڈیم تک نہیں بنا،پاکستان سالانہ ایک ملین ایکٹر فت پانی ضائع کر رہا ہے،ہم دس ڈیم بنا رہے ہیں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھائیں گے،وزیر اعظم نے کئی بار کابینہ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کی،رینٹل پاور نے ملک کا برا حال کیا ہے،لائن لاسز میں کمی کر رہے ہیں براڈشیٹ کمیشن کی رپورٹ پر بحث کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن اراکین آمنے سامنے آگئے،سینیٹر محسن عزیز کے ریمارکس پر اپوزیشن نے شدید شورشرابہ کیا، چیئر مین سینٹ نے پی پی پی سینیٹر بہرہ مند تنگی کو جھاڑ پلا دی۔

سینیٹ اجلاس 

مزید :

صفحہ آخر -