سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس مزید 770.05پوائنٹس اضافہ: ڈالر سستا سونا مہنگا 

  سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس مزید 770.05پوائنٹس اضافہ: ڈالر سستا سونا ...

  

کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں زبردست تیزی کا رجحان پیر کو بھی برقرار رہا اورسرمایہ کاروں کی جانب سے نئی سرمایہ کاری میں گرمجوشی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مزید770.05پوائنٹس کے اضافے سے 47896.34پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاجب کہ 81.62 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب 36 ارب 38 کروڑ 97 لاکھ روپے بڑھ گئی اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری سرگرمیاں بھی ایک ارب41کروڑ22لاکھ شیئرز سے زائد رہیں جو جمعہ کی نسبت47.12فیصد زائد ہے۔گز شتہ روزکاروبار کے آغازسے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز خریداری میں غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی اور ملکی معاشی اشاریوں میں مثبت پیش رفت کو دیکھتے ہوئے بھرپور سرمایہ کاری کی گئی جس کے باعث تیزی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 47979پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیاتاہم 48ہزار کی نفسیاتی حد کے قریب پرافٹ ٹیکنگ شروع ہوئی جس کے باعث 47900پوائنٹس کی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہااور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس770.05پوائنٹس کے اضافے سے47896.34پوائنٹس پر بند ہواجب کہ 302.90پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 19602.38پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرا نڈیکس534.94پوائنٹس کے اضافے سے32238.69پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر 430کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے351کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ65میں کمی اور 14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 81کھرب 31ارب 26کروڑ5لاکھ روپے سے بڑھ کر82کھرب 67ارب 65کروڑ2لاکھ روپے ہو گئی۔جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم۱یک ارب 41کروڑ22لاکھ 60ہزارشیئرز رہا جو گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت45کروڑ23لاکھ73ہزار زائد ہے۔۔قیمتوں میں اتار چڑھاوکے اعتبار سے وائتھ پاک کے حصص 159.78روپے کے اضافے سے2290.25روپے اوررفحان میظ100روپے کے اضافے سے9400روپے ہوگئی جب کہ یونی لیور فوڈز490روپے کی کمی سے15500روپے اورصنوفی ایونٹس16.49روپے کی کمی سے853.50روپے ہوگئی۔انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 30پیسے کی کمی ہوئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہوگیا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کی کمی سے154.45روپے سے گھٹ کر154.15روپے اورقیمت فروخت 154.55روپے سے گھٹ کر154.25روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سے154.40روپے سے بڑھ کر154.70روپے اور قیمت فروخت154.70روپے سے بڑھ کر 155روپے ہو گئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید30پیسے کے اضافے سے187روپے سے بڑھ کر187.30روپے اور قیمت فروخت188.50روپے سے بڑھ کر 188.80روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید217.80روپے اور قیمت فروخت 219.30روپے مستحکم رہی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 200روپے مہنگا ہوکر ایک لاکھ 12ہزار300روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت ایک ڈالرکی کمی سے 1903ڈالر ہوگئی جب کہ اس کے برعکس مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 200روپے  کے اضافے سے ایک لاکھ 12ہزار300روپے اور دس گرام سونے کی قیمت172روپے کے اضافے سے 96ہزار280روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت1480روپے مستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -