حکمران جعلی اعدادوشمار سے مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں، مریم اور نگزیب 

حکمران جعلی اعدادوشمار سے مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں، ...

  

  اسلام آباد(آئی این پی) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی اعداد وشمار کو الفاظ کا گورکھ دھندہ قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب کی معاشی بہتری صرف سوشل میڈیا پر آرہی ہے،اربوں روپے کے اشتہاروں کے ذریعے معیشت کی تباہی، بے روزگاری میں بہتری نہیں آسکتی،عمران صاحب نے پہلے خود معیشت تباہ کی، اب اسے بہتردکھانے کے لئے اربوں روپے کی جھوٹی اشتہاری مہم چلا رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام کو آٹے دال کا بھا ؤ عمران صاحب سے بہتر معلوم ہے،عمران صاحب نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹا،عمران صاحب آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی، انڈے اور گوشت کی قیمتیں عوام کو بہتر پتہ ہیں، آپ جھوٹے ٹویٹ نہ کریں،عمران صاحب آپ کا کچن اے ٹی ایمز چلاتے ہیں، عوام کو اپنا گھر چلانے کے لئے اے ٹی ایمز کی سہولت میسر نہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین سال میں مہنگائی 3سے 17اور 26فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے مجرم عمران صاحب ہیں،تاریخ میں پہلی بار دیہات میں مہنگائی 20فیصد اور شہری علاقوں میں 17فیصدکی بلند ترین سطح سے بڑھ چکی ہے،آٹا، چینی، دوائی سمیت عوام کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بدترین اضافہ قیامت لارہا ہے،جعلی اعدادوشمار مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہے ہیں۔ ن لیگی ترجمان نے کہا کہ جھوٹے اور جعلی اعدادوشمار کے گورکھ دھندے اور ٹویٹوں کا چکر مہنگائی کے خونی چکر کو ختم نہیں کرسکتا،جھوٹی معاشی بہتری دکھانے کے لئے اربوں روپے سے مہم چلائی جارہی ہے، یہ اربوں روپے معیشت کی بہتری اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے پرخرچ ہوتے تو آج یہ جھوٹ نہ بولنے پڑتے۔

مریم اورنگزیب

مزید :

صفحہ آخر -