وزیراعظم صوبوں کو پانی کے معاملے پر ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، فرخ حبیب

وزیراعظم صوبوں کو پانی کے معاملے پر ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، فرخ حبیب

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم تمام صوبوں کو پانی کے معاملے پر ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں، تمام صوبوں کو سہولت فراہم کرنے کو تیار ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بیشمار ڈیم بننے چاہئیں تھے لیکن ماضی کی حکومتوں نے نہیں بنائے،وزیراعظم نے اس دہائی کو ڈیمز بنانے کی دہائی قرار دیا ہے،ان دس سالوں میں 13 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کریں گے۔فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عمران خان تمام کسانوں کا سوچتے ہیں،اپوزیشن ایسا تاثر پیش نہ کرے جس سے ملک کو نقصان ہو، ڈیموں کی تعمیر سے تمام صوبوں کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر وزیر آب پاشی پنجاب محسن لغاری کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کسی بھی کسان کا حق مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتی، پانی کی تقسیم 10، 10 دنوں میں ہوتی ہے، اپریل میں پنجاب میں پانی کی قلت45 فیصد تھی اور سندھ میں 9 فیصد تھی،فی الوقت پنجاب کو 22 فیصد اور سندھ کو 17فیصد پانی کی کمی ہے۔محسن لغاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2 فیصد پانی کوہ سلیمان سے شامل ہو کر بڑھا ہے، ارسا نے فیصلہ کیا ہے کہ آزادانہ مانیٹر پانی کے حوالے سے لگائے جائیں گے، اس کے لیے ارسا نے وزارت آبی وسائل کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

 فرخ حبیب

مزید :

صفحہ آخر -