پیپلز پارٹی کا پانی کی کمی کے خلاف سندھ میں تحریک چلانے کااعلان

     پیپلز پارٹی کا پانی کی کمی کے خلاف سندھ میں تحریک چلانے کااعلان

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی نے صوبے میں پانی کی کمی کے خلاف سندھ بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کردیاہے۔پارٹی کے صوبائی صدرنثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پنجاب کئی دہائیوں سے سندھ کا پانی چوری کررہا ہے، صوبے کے کسانوں کو فصلوں کی آبیاری میں مشکلات کا سامنا ہے، اب ہم خاموش نہیں رہیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور ہوشربا مہنگائی کے بعد اب سندھ کو پانی کی کمی کا تحفہ بھی دیاجارہا ہے، جس کیلئے پورا سندھ پانی کی چوری پر سراپا احتجاج ہے۔انہوں نے کہا کہ اب پیپلز پارٹی اس صورت حال پر کسی صورت خاموش نہیں رہے گی، ہم ارسا کو سندھ کے حصے کا پانی چوری نہیں کرنے دیں گے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ معاہدے کے مطابق سندھ کو اس کا پانی دیا جائے، ٹھٹھہ میں پانی کی کمی کے باعث لوگ فصلیں نہیں اگاسکتے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے پانی کا کیس اٹھا کر سندھ پرمہربانی کی۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کے معاملے پر احتجاج کریں گے، 3 جون کو لاڑکانہ کے اضلاع میں احتجاج کریں گے، 5 جون کو ٹھٹھہ، بدین میں احتجاج کریں گے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ 9 جون کو سکھر کے تین اضلاع میں احتجاج ہوگا،15 جون کو کراچی میں احتجاج کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری بات کو سنا نہیں جاتا،الٹا ہماری بیعزتی کی جاتی ہے، پانی کم ہے تو سب کا پانی کم ہونا چاہیے،صرف سندھ کا پانی کم کیوں ہے؟ پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا کہ پنجاب کئی دہائیوں سے سندھ کا پانی چوری کررہا ہے، صوبے کے کسانوں کو فصلوں کی آبیاری میں مشکلات کا سامنا ہے، اب ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -