خواجہ اظہار پہلے آپ اپنے گناہوں کا حساب دیں،سید ناصر شاہ 

خواجہ اظہار پہلے آپ اپنے گناہوں کا حساب دیں،سید ناصر شاہ 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات سید ناصر حسین شاہ  نے کہاہے کہ خواجہ اظہار الحسن سب سے پہلے آپ اپنے گناہوں کا حساب دیں، کراچی والوں سے معافی مانگیں، پھر بات کریں۔ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ خواجہ اظہار نے کہا ہے کہ پختون، بلوچ اور اردو بولنے والوں کا سندھ حکومت معاشی قتل کر رہی ہے،  خواجہ صاحب ہمارے اوپر پھر بھی معاشی قتل کا الزام لگارہے ہیں جبکہ آپ لوگوں پر قتل و غارت کے الزامات ہیں۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ خواجہ اظہار والوں کو جب کراچی کے لوگوں نے رد کیا تو اب ان کو بلوچ اور پختون یاد آ رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بغیر کسی زبان یا مذہب کے تفاوت کے عوام کو روزگار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس کے ادوار میں روزگار، اچھی اجرت اور روزگار کا تحفظ جیسی پالیسیوں پر عمل پیرا رہا، متحدہ کے دور اقتدار میں کراچی کے تعلیمی اداروں میں دیگر قومیتوں کے بچوں کا داخلہ بند تھا، آپ کے ادوار میں کسی بھی سرکاری ملازم کی کراچی میں تبادلے پر پابندی تھی۔انہوں نے کہاکہ خواجہ اظہار خود اچھا ثابت کرنے کے لیے یہ جعلی بھاشن بند کریں، عوام آپ کو بخوبی جانتی ہے، اور اسی طرح ہی آپ کو رد کرتی رہے گی۔وزیر اطلاعات سندھ نے کہاکہ عوام کی خدمت کے نام پر جو آپ لوگوں نے کراچی کے لوگوں کے ساتھ ظلم و جبر کیا وہ کوئی نہیں بھول سکتا، عدالتیں کھلی ہوئی ہیں، آپ نے ماضی بھی کیسز داخل کیے اب بھی شوق سے کریں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت سندھ میں رہنے والے تمام قوموں کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی۔

مزید :

صفحہ اول -