صوبائی وزیر نے ای بلنگ نظام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت 

صوبائی وزیر نے ای بلنگ نظام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ٍ پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شکیل خان نے  محکمے کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ای بلنگ نظام فوری طور پر شروع کرنے سمیت واٹر سپلائی کے غیر قانونی کنکشنز کا فوری خاتمہ کیا جائے،حکام کے لیے لازم ہے کہ جاری سکیموں کی مانیٹرنگ کریں اور معیاری کام کو یقینی بنائے۔  انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہر واٹر سپلائی سکیم اور ٹیوب ویل کی بہتر فعالیت کے لیے کم از کم تین ملازم ہونے چاہیے۔  انہوں نے چیف  انجنیئر کو ہدایت کی کہ ریونیو ٹارگٹ کو ہر صورت پورا کرے جبکہ جاری تمام سکیموں کا ریلیز  شدہ فنڈ فوراً خرچ کریں۔ انہوں نے یہ ہدایات محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تعارفی سیشن کے موقع پر جاری کی۔  وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات شفیع اللہ خان، ممبران صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو، ارباب جہانداد اور سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ذاکر حسین آفریدی اور محکمے کے دیگر اعلیٰ حکام بھی بریفنگ میں موجود تھے۔ وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ شکیل خان کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ کی ری سٹرکچرنگ کی گئی ہے جس کی وجہ سے انتظامی کیڈرز  کے ساتھ ساتھ دیگر آسامیوں میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے ہدایت کی کہ نئی پوسٹوں پر  جلد ازجلد تعیناتی کی جائے جو آسامیاں پبلک سروس کمیشن کے ساتھ ہیں ان پرجلد  تعیناتی کیلئے کمیشن کیساتھ بات کریں جبکہ پروموشن والی پوسٹوں پر بھی جلد از جلد پروموشن کریں۔ شکیل خان نے کہا کہ میرٹ  اور شفافیت کے لئے وزیر اعلی محمود خان کی ہدایت  کے مطابق دو سالہ پالیسی کے تحت ٹرانسفر پوسٹنگ کریں انہوں نے پرانے اور زنگ آلود پانی کے پائپوں کی تبدیلی کے لیے بھی ہدایت جاری کیں جبکہ بند اور غیر فعال  سکیموں اور ٹیوب ویلز کی دوبارہ بحالی کے لیے حکام کو ہدایت کی۔ شکیل خان نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بنیادی افادیت کا ادارہ ہے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے جو کہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب اور دیگر منصوبوں کے لیے مکمل لائحہ عمل تیار کریں گے۔  شکیل خان نے واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری سہولیات میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ یہ موبائل وینز صوبے کے تمام اضلاع تک پہنچ سکے انہوں نے یہ بھی ہدایت جاری کی کہ آنے والے بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبے بھی شامل کیے جائے۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے بشمول  نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کریں گے۔  شکیل خان نے مزید کہا کہ چونکہ ہمارا بنیادی کام عوامی مسائل حل کرنا اور ان کو سہولیات فراہم کرنا ہے اس لئے سٹیزن فیسیلیٹیشن سنٹرز کو صوبے کے تمام اضلاع تک وسعت دیں اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنائے۔

مزید :

صفحہ اول -