مفاد پرست عناصر معاشی گائیڈ لائنز کو اپنے مفاد کیلئے سیاسی رنگ دے رہے ہیں: کامران بنگش

مفاد پرست عناصر معاشی گائیڈ لائنز کو اپنے مفاد کیلئے سیاسی رنگ دے رہے ہیں: ...

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے  معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے ٹوئیٹر پر جاری پیغام میں موقف اپنایا کہ پختونخوا حکومت نے محدود وسائل کے باوجود جامعات کو پہلے بھی بچایا ہے اور اب بھی بہتری کیلئے لائحہ عمل تیار ہے۔ تاہم جامعات کو بھی اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی لانی ہوگی اور وسائل کے مطابق چلنا ہوگا۔اورپرآسائش اور غیر ضروری مراعات کے حصول کے لیے کچھ مفاد پرست عناصر جامعہ ملازمین کی جانب سے سڑکوں پر ہلڑ بازی کرنے کے معاملے پر معاو ن خصو صی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند عناد پسند عناصر جامعات کو دی گئی معاشی گائیڈ لائنز کو اپنے مفاد کیلئے سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔جبکہ جامعات اپنی خودمختاری میں لئے گئے غلط فیصلوں کا خمیازہ بھگت رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشی اصلاحات نہ کی گئیں تو جامعات اس سے بھی بُرے حالات میں جا سکتی ہیں۔ دوسری جانب، اسلامیہ کالج یونیورسٹی کو درپیش چیلنجز سے بروقت نمٹنے کی غرض سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش سے وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر گل ماجد خان نے پیر کو سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش نے کہا کہ تاریخی اسلامیہ کالج یونیورسٹی کی اکیڈمک و مالی ضروریات پورا کر رہے ہیں۔ اسلامیہ کالجیٹ، کالج اور یونیورسٹی کو درپیش چیلنجز تیزی سے نمٹائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فنانس، قانون اور ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ متعلقہ چیلنجز بارے میں میٹنگ طلب کی جائے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا، اساتذہ اور طلباء کی فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اساتذہ کرام اور طلباء سے اپیل کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے ریمارکس دیئے کہ اساتذہ اور طلباء سیاسی سکورنگ کے لیے کام کرنے والوں کے پراپیگنڈہ سے دور رہیں۔ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے زیر انتظام پراپرٹی کے ایشوز کو بھی جلد از جلد نمٹائے جائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -