درگاہ جمال شاہ بابا کے راستے پر تعمیر غیر قانونی دکانیں مسمار 

درگاہ جمال شاہ بابا کے راستے پر تعمیر غیر قانونی دکانیں مسمار 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈی ایم سی ساؤتھ کے اینٹی انکروچمنٹ سیل نے کھارادر میں درگاہ حضرت سیدنا جمال شاہ بابا کی درگاہ کے راستے پرغیرقانونی طور پر تعمیر کی جانے والی 10دکانوں کو مسمار کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ کھارادر میں واقع حضرت سیدنا جمال شاہ بابا کی درگاہ کے ساتھ جانے والے راستے پر دکانوں کی تعمیر کی جارہی تھی۔دس میں تین دکانیں مکمل طور پر تعمیر ہوچکی تھیں جبکہ سات زیر تعمیر تھیں۔یہ دکانیں کھارادرمارکیٹ سے درگاہ جانے والے راستے پر تعمیر کی جارہی تھیں۔یہ تمام جگہ محکمہ اوقاف کی ملکیت ہے اور ان پر اس طرح دکانوں کی تعمیر سے بہت سے سوالات کو جنم دیا تھا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ جنوبی نے درگاہ کے راستے پر غیر قانونی تعمیرات کا فوری نوٹس لیا اور ان کی ہدایت پر پیر کی صبح ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ ڈی ایم سی ساؤتھ سید کاظم حسین شاہ اور اسسٹنٹ کمشنر آرام باغ  کی نگرانی میں ٹیم نے تمام غیر قانونی دکانوں کو مسمار کردیا۔اہل علاقہ نے ڈی ایم سی انتظامیہ کی جانب سے فوری طورکارروئی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ اوقاف درگاہ کی حالت زار پر توجہ دے۔مزار کے گنبد اور مینار اس وقت خستہ حالی کا شکار ہیں ان کی فوری تعمیر نو کی جائے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -