حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں ادارے مستحکم نہیں ہو سکے: سراج الحق 

  حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں ادارے مستحکم نہیں ہو سکے: سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مردان (این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ جمہوری استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر جمہوریت لاناہوگی۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں ادارے مستحکم نہیں ہوسکے۔ نظام ٹھیک ہوگیا تو افراد کی کمزوریاں کور ہو جاتی ہیں۔ پاکستان میں نہ تو نظام درست ہو سکا اور نہ ہی حکمران طبقہ نے اپنی روش بدلی۔ امید ہے وزیراعظم کشمیر سے متعلق اپنے بیان پر یوٹرن نہیں لیں گے۔ کشمیریوں کی قربانیوں کا سودا کر کے اگر بھارت سے تعلقات قائم کیے گئے تو کروڑوں پاکستانی حکمرانوں کا محاسبہ کریں گے۔ کے پی اسمبلی کے سامنے اساتذہ پر پولیس تشدد کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔قوم کے معماروں پر ظلم کی بجائے ان کے مطالبات فوری منظور کیے جائیں۔ آزاد اور ذمہ دار میڈیا پاکستان کے لیے ناگزیر ہے۔ صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان میں کرونا کے مریضوں میں کمی کی خبریں خوش آئند ہیں۔ حکومت ہیلتھ سیکٹر کی بہتری پر توجہ دے۔ تحصیل اور اضلاع کی سطح پر ماڈرن ہسپتال تعمیر کیے جائیں۔ جماعت اسلامی کو عوام نے موقع دیا تو تعلیم وصحت کے شعبے میں جدیدیت لائیں گے۔ قوم کو متحد ہو کر ظلم اور ناانصافیوں سے لڑنا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مردان میں معروف عالم دین مولانا سلطان محمد کی نماز جنازہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ سراج الحق نے مولانا سلطان محمد کی دین اور تحریک اسلامی کی سربلندی کے لیے خدمات اور کاوشوں کی تحسین اور مرحوم کے لیے جنت میں اعلیٰ درجات کی دعا کی۔ 
سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -