سوئس کمپنیاں کاروبار میں مزید اضافہ کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں: پرویز الٰہی 

سوئس کمپنیاں کاروبار میں مزید اضافہ کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں: ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سوئٹزرلینڈ کے سفیر بینی ڈکٹ ڈی سیرجت نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی اس موقع پرMs. Fabienne Trumpy اور کمرشل ایڈوائزر محمد اجوت ارسلان خان بھی موجود تھے ملاقات کے موقع پر تعلیم و صحت سمیت باہمی دلچسپی کے امور، دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطہ مہم بڑھانے، تجارت کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا قائم مقام گورنرپنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے جو باہمی افہام و تفہیم، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، سوئٹزرلینڈ کیساتھ باہمی تعاون خصوصاً تعلیم و صحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے تمام شعبوں میں اضافہ کیا جائے، سوئٹزرلینڈ پاکستان کا اہم تجارتی اور ترقیاتی شراکت دار اور پاکستان کے پانچ بڑے غیر ملکی سرمایہ کار ممالک میں شامل ہے  چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سوئس کمپنیاں اپنے کاروبار میں مزید اضافے کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حکومت پاکستان کی جانب سے انسداد دہشتگردی امن و امان کی بہتری کیلئے سخت اقدامات کے نتیجے میں ہمارے داخلی سلامتی کے ماحول میں نمایا ں بہتری آئی ہے، سوئس حکومت کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری پر اس سال نظر ثانی احسن اقدام ہے، کورونا وبا میں کمی کے بعد اس پر مزید نظر ثانی کی جائے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستانی طلبا سوئس یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں بہترین مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں خصوصاً میڈیسن، کلینیکل سائنس، سائیکالوجی اور اکنامکس اینڈ مینجمنٹ کے شعبوں میں روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے سفیر نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑا خوبصورت ملک ہے، یہاں پر تعیناتی میرے کیریئر کا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق صوبائی وزیر سندھ مقبول احمد شیخ اور سردار سلیم جان مزاری نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی اور مستقبل میں بھی ساتھ چلنے کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی، شافع حسین اور چودھری جاوید چٹھہ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا   دوسری جانب مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے سابق صوبائی وزیر ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی خوش اختر سبحانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ 

پرویز الٰہی 

مزید :

صفحہ آخر -