عالمی طاقتیں افغانستان میں قیامِ امن کیلئے کردار ادا کریں: رحمان ملک 

عالمی طاقتیں افغانستان میں قیامِ امن کیلئے کردار ادا کریں: رحمان ملک 
عالمی طاقتیں افغانستان میں قیامِ امن کیلئے کردار ادا کریں: رحمان ملک 

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر داخلہ و چیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ریفارمز (آئی آر آر) سینیٹر رحمان ملک نے امریکی صدر جوبائیڈن اور عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں امن لانے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ امریکی صدر افغانستان میں مزید خونریزی روکنے کے لئے باقاعدہ فوجیوں کے انخلا  کے لئے ایک جامع حکمت عملی وضع کریں۔

امریکی صدر جو بائیڈن کو ایک کھلے خط میں سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ اگر عالمی طاقتیں افغانستان میں امن لانے کیلئے ایک نقطے پر اتفاق نہیں کرتی ہیں تو پھر وہ طالبان کو کابل کی طرف مارچ کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، ہر گزرنے والا دن طالبان مخالف حکومت اور افغان عوام کے لئے خطرناک ثابت ہوگا۔

انہوں نے اپیل کی کہ امریکی صدر افغانستان کے درد کو خوشیوں میں تبدیل کریں اور آنے والی افغان نسل کی پرامن اور خوشحال زندگی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ عملی طور پر انخلا کے لئے باقاعدہ جامع حکمت عملی کے بغیر پڑوسی ممالک میں افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی شروع ہوسکتی ہے ۔ اس طرح دنیا  ’ظالمان‘ کے ایک نئے برانڈ کا مشاہدہ کرے گی جو دنیا میں بڑی سطح پر پریشانی پیدا کر سکتا ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے امریکی صدر پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ امن کے یک نکاتی ایجنڈے پر دیگر عالمی طاقتوں کو راضی کریں۔

مزید :

قومی -