ہسپانوی سیاحتی شہر بارسلونا کی رونقیں بحال،ایئر پورٹ کا ٹرمینل ٹو بھی کھول دیا گیا
بارسلونا(ارشد نذیرساحل )کورونا وائرس کے باعث مسافروں کی آمد میں کمی کی وجہ سے بارسلونا ایل پرات ائیرپورٹ کا ٹرمینل دو گزشتہ برس نومبر سے بند کردیاگیاتھاجسے اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ ائیرپورٹ تنظیم اینا کے مطابق بندش کے دوران 106 ملین یورو کا کنسٹرکشن کا کام بھی مکمل کیا گیاہے جس میں سامان، ائیر کنڈیشنگ، سیکیورٹی کلیئرنس اور بورڈنگ کے نظام کو بہتر کیاگیا۔
کورونا وبامیں کمی کے باوجود حفظان صحت کے قوانین لاگو رہیں گے۔صرف ٹکٹ رکھنے والے مسافروں کو ہی عمارت کے اندر جانے کی اجازت ہوگی۔ہسپانوی معیشت کے 13 فیصد جی ڈی پی کا انحصار سیاحت کے شعبہ پر ہے۔ اپریل کے مہینے میں کاتالونیا میں 94 ہزار سیاحوں کی آمد ہوئی جوکہ سال 2019 میں 1.67ملین کے مقابلے میں 94.4فیصد کم ہے۔ماہرین کے مطابق رواں سال ویکسینیشن منصوبے کے بعد سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے سے ہسپانوی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔