پاکستان میں کس کمپنی کی کون سی گاڑی کی کیا خصوصیات ہیں؟ اپنی کار خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے دلچسپ خبر آگئی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی آٹو موبل انڈسٹری میں حالیہ سالوں کے دوران کافی ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔ ان سالوں میں کئی نئی کار ساز کمپنیوں نے پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کی طرف سے ایک رپورٹ میں پاکستانی مارکیٹ میں موجود بڑی کار ساز کمپنیوں کا ایک تقابل کیا گیا ہے، جس کا مقصد گاڑی خریدنے کے خواہشمند حضرات کو رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ یہ موازنہ ذیل میں بیان کیا جا رہا ہے:۔
پروٹان پاکستان
پروٹان ایک ملائیشین کار ساز کمپنی ہے، جس کی بنیاد 1983ءمیں رکھی گئی۔ اس کا ہیڈ کوارٹر کوالالمپور میں ہے۔ اس کمپنی نے 2021ءمیں پاکستانی مارکیٹ میں قدم رکھا اور الحاج آٹوموٹیو کے ساتھ شراکت داری کی۔ اس شراکت داری میں الحاج آٹوموٹیو پروٹان کاروں کی امپورٹ، اسمبلی اور ڈسٹری بیوشن کی ذمہ دار ہے۔پروٹان کی گاڑیاں افورڈ ایبل قیمت میں دستیاب ہیں اور جدید ٹیکنالوجی اور فیچرز سے لیس ہیں۔ ان گاڑیاں میں انجن بھی فیول مائلیج کے حوالے سے کافی بہتر ہیں۔اس کمپنی کی گاڑیوں کا صرف ایک منفی پہلو ہے کہ یہ پاکستانی مارکیٹ میں نئی ہے۔
ٹویوٹا
ٹویوٹا ایک جاپانی کمپنی ہے جو 1989ءسے پاکستانی مارکیٹ میں گاڑیاں فروخت کر رہی ہے۔اس کی گاڑیوں میں ایئربیگز، اے بی ایس اور سٹیبلٹی کنٹرول جیسے سیفٹی فیچرز پائے جاتے ہیں۔ ٹویوٹا کی گاڑیاں اپنی پائیداری کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں۔ ان میں جدید ٹیکنالوجی اور فیچرز ملتے ہیں، جو گاڑیوں کو پرسکون اور محفوظ بناتے ہیں۔ ٹویوٹا کمپنی کے متعدد ماڈلز مارکیٹ میں موجود ہیں۔ اس کمپنی کی گاڑیوں کی ’ری سیل‘ ویلیو بہت اچھی ہے اور سیکنڈ ہینڈ گاڑی فوری طور پر فروخت ہو جاتی ہے۔ پورے پاکستان میں ٹویوٹا کا ڈیلرشپ نیٹ ورک پھیلا ہوا ہے۔ ان مثبت پہلوﺅں کے ساتھ اس کمپنی کے منفی پہلو یہ ہے کہ ٹویوٹا کی گاڑیاں پاکستان میں موجود دیگر برانڈز کی نسبت قدرے مہنگی ہیں اور ان کے ڈیزائن بھی قدرے پرانے ہیں ۔ اس کے علاوہ ٹیکنالوجی اور فیچرز کے لحاظ سے بھی کمپنی دیگر برانڈز کے مقابلے میں پیچھے ہے۔
ہنڈا
ہنڈا بھی ایک جاپانی کمپنی ہے جو 1994ءمیں پاکستان آئی تھی اور لاہور میں اپنا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگایا تھا۔ کمپنی کی کئی گاڑیاں پاکستان میں بے حد مقبول ہیں جن میں ہنڈا سوک، ہنڈا سٹی اور ہنڈا بی آر۔ وی و دیگر شامل ہیں۔ ہنڈا کی گاڑیوں میں کافی بہتر سیفٹی فیچرز ملتے ہیں۔ گاڑیوں کے پرسکون ہونے کے حوالے سے بھی پاور سٹیئرنگ، پاور ونڈوز اور کلائمیٹ کنٹرول سمیت دیگر فیچرز ہوتے ہیں۔ ہنڈا کی گاڑیاں اپنی کارکردگی، سٹائل اور ڈیزائن کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔ ہنڈا کمپنی کے بھی مختلف ماڈلز دستیاب ہیں۔ ٹویوٹا کی طرح ہنڈا کی گاڑیوں کی ’ری سیل‘ بھی بہت اچھی ہے۔ہنڈا گاڑیوں کے منفی پہلو یہ ہیں کہ ان گاڑیوں کی مینٹی نینس دیگر برانڈز کی نسبت کافی مہنگی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ہنڈا گاڑیوں کی گراﺅنڈ کلیئرنس بہت کم ہوتی ہے، جس کے سبب یہ گاڑیاں اونچے نیچے راستوں پر کوئی بہتر آپشن نہیں ہوتیں۔
سوزوکی
سوزوکی میں ایک جاپانی کارساز کمپنی ہے جو1982ءسے پاکستانی مارکیٹ میں کامیابی سے اپنی گاڑیاں فروخت کر رہی ہے۔ اس کمپنی نے اپنا مینوفیکچرنگ پلانٹ کراچی میں لگایا تھا۔ سوزوکی کی کئی گاڑیوں کو پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیوں کا اعزاز حاصل ہے۔ ان میں کلٹس، سوفٹ اور آلٹو و دیگر شامل ہیں۔ سوزوکی کے نئے ماڈلز میں بھی نسبت بہتر سکیورٹی فیچرز اور ٹیکنالوجی دی جا رہی ہے۔ سوزوکی کی گاڑیاں اپنی افورڈابیلٹی، پائیداری اور ایندھن کی بچت کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ سوزوکی کم قیمت گاڑیوں کی کیٹیگری میں بہترین آپشن خیال کی جاتی ہے۔ سوزوکی کی گاڑیوں کو مینٹی نینس کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی اور اس کے پارٹس بھی باآسانی دستیاب ہوتے ہیں۔
سوزوکی کی گاڑیوں کے منفی پہلو یہ ہیں کہ ان کی ’ری سیل‘ ہنڈا اور ٹویوٹا کی نسبت کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ان گاڑیوں میں فیچرز بھی نسبتاً کم ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان گاڑیوں میں پرفارمنس اور لگژری لیول بھی دیگر برانڈز کی نسبت کم ہوتا ہے۔
کیا(Kia)
جنوبی کوریا کی کمپنی ’کیا‘ 2018ءمیں پاکستانی مارکیٹ میں آئی اور پاکستانیوں کے لیے کئی افورڈایبل اور سٹائلش گاڑیاں متعارف کرائیں، جن میں پیکانٹو، سپورٹیج، سورینٹو اور کارنیول شامل ہیں۔
ہنڈائی
ہنڈائی بھی جنوبی کورین کمپنی ہے جو 2020ءمیں پاکستان میں آئی اور اب تک کئی ماڈلز لانچ کر چکی ہے جن میں ایلانٹرا، ٹکسن اور سوناٹا شامل ہیں۔ اس وقت کمپنی کی گاڑی ٹکسن سب سے زیادہ پسند کی جا رہی ہے۔
شینگن
شینگن چینی کارساز کمپنی ہے جو 2018ءمیں پاکستانی مارکیٹ میں آئی اور اب تک کئی افورڈ ایبل ماڈلز متعارف کرا چکی ہے جن میں کاروان، ایم 9 اور السوین وغیرہ شامل ہیں۔ گزشتہ ال کمپنی کی طرف سے ’اوشن ایکس 7ایس یو وی‘ متعارف کرائی گئی جو کافی پسند کی جا رہی ہے۔