باس نے آدمی کو کھڑے کھڑے نوکری سے نکال دیا، اگلے دن میسج کرکے کام میں مدد مانگی تو سابق ملازم نے کیا جواب دیا؟

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک آدمی کو اس کے باس نے نوکری سے نکال دیا اور اگلے ہی دن میسج کرکے ایسی درخواست کر دی کہ آدمی ہکا بکا رہ گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق سکوٹر باب نامی اس Redditصارف نے اپنے ساتھ پیش آنے والا یہ واقعہ ایک پوسٹ میں سنایا ہے۔ وہ لکھتا ہے کہ اس کا باس انتہائی اکھڑ مزاج تھا جس نے اسے معمولی بات پر کھڑے کھڑے نوکری سے نکال دیا۔ تاہم اگلے ہی روز اس باس کی طرف سے اس کے موبائل فون پر میسجز کی بھرمار ہو گئی۔
سکوٹر باب نے پوسٹ میں بتایا کہ ان میسجز میں اس کا باس اس سے ’ورک اپ ڈیٹس‘ کی درخواست کر رہا تھا۔ سکوٹر باب نے باس کے ساتھ ہونے والی چیٹنگ کا سکرین شاٹ بھی اپنی پوسٹ میں شیئرکیا ہے، جس میں اس کا باس کام کے متعلق اس سے رہنمائی چاہ رہا ہوتا ہے۔
سکوٹر باب لکھتا ہے کہ میرے باس نے جس رعونت کے ساتھ مجھے ملازمت سے نکالا تھا، اگلے روز اس کے ایسے میسجز پڑھ کر مجھے شدید حیرت ہو رہی تھی۔مجھے اپنی آنکھوں پر یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ وہ اس طرح مجھ سے مدد کی درخواست کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق سابق باس کے میسجز کے جواب میں سکوٹر باب اس پر ایک پھبتی کستا ہے اور چیٹنگ ختم کر دیتا ہے۔