ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے، مجموعی دولت کتنی ہوگئی اور اس میں ٹیسلا کا حصہ کتنا ہے؟

ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے، مجموعی دولت کتنی ہوگئی ...
ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے، مجموعی دولت کتنی ہوگئی اور اس میں ٹیسلا کا حصہ کتنا ہے؟
سورس: Twitter

  

سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹیسلا کے بانی اور ٹوئٹر کے مالک  ایلون مسک نے دوبارہ دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ ٹیسلا انکارپوریٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بدھ کے روز لگژری ٹائیکون برنارڈ ارنالٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ ارنالٹ کی کمپنی ایل وی ایم ایچ  کے  حصص پیرس ٹریڈنگ میں 2.6 فیصد گر گئے جس کی وجہ سے ان کی دولت میں کمی ہوئی۔ مسک اور 74 سالہ فرانسیسی شہری اس سال بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس میں سرفہرست ہیں، جو دنیا کے 500 امیر ترین افراد کی فہرست ہے۔ارنالٹ نے دسمبر میں پہلی بار اس وقت مسک کو پیچھے چھوڑا تھا  جب  ٹیک انڈسٹری مشکل وقت سے گزر رہی تھی۔ 

بلومبرگ کے مطابق معاشی ترقی کی رفتار میں کمی کے بڑھتے ہوئے اشارے، خاص طور پر چین کی نازک مارکیٹ میں لگژری سیکٹر کی ترقی پر اعتماد ختم ہونا شروع ہو رہا ہے۔ ایل وی ایم ایچ کے حصص اپریل سے اب تک تقریباً 10 فیصد گر چکے ہیں، ایک موقع پر ایک ہی دن میں ارنالٹ  کی مجموعی مالیت سے 11 ارب ڈالر کا صفایا ہو گیا۔

اس دوران مسک نے اس سال 55.3  ارب ڈالر سے زیادہ کا فائدہ اٹھایا ہے جس کی بڑی وجہ ٹیسلا ہے۔ ایلون مسک کی دولت میں ٹیسلا کا حصہ 71 فیصد ہے ۔ بلومبرگ  بلینیئرز  انڈیکس  کے مطابق مسک کی دولت اب تقریباً 192.3  ارب ڈالر ہے، جب کہ ارنالٹ کی دولت تقریباً 186.6  ارب ڈالر ہے۔

مزید :

بزنس -