آسٹریلیا کو شکست ، کیوی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، بھارت یو اے ای کیخلاف کامیاب

آسٹریلیا کو شکست ، کیوی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، بھارت یو اے ای کیخلاف ...

  

آکلینڈ، پرتھ( نیٹ نیوز)نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کورواں ورلڈکپ کے سب سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی جبکہ مسلسل چوتھا میچ جیتنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا ۔ کیویز نے کینگروزکو 151 رنزپرآوٹ کرکے ہدف بمشکل حاصل کیا جبکہ ایونٹ کے دوسرے میچ میں بھارت نے یواے ای کو باآسانی شکست دیدی ۔آکلینڈ میں کھیلے جانیوالے پول اے کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جوغلط ثابت ہوا۔ کینگروز کی ٹیم صرف ایک سو اکیاون رنز پر ڈھیرہوئی۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر بائیس ویں اوورمیں حاصل کرلیا۔ برینڈن میکلم نے دھواں دھار اننگزکھیلتے ہوئے چوبیس گیندوں پرتین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے پچاس رنز بنائے۔ مچل اسٹارک نے شانداربولنگ کرتے ہوئے آخری لمحات میں کیویز پر دباو بڑھایا۔ لیکن وہ اپنی ٹیم کو فاتح نہ بنوا سکے۔ اسٹارک نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ کیویز کی ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی فتح تھی جس کے بعد اس نے کوارٹر فائنل میں کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ بھارت اور یو اے ای کے درمیان میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لئے غلط ثابت ہوا اور یو اے ای کی پوری ٹیم 32 اوور میں 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا اب تک کا سب سے کم ترین سکور ہے۔عرب امارات کے 8بلے باز ڈبل فگرمیں داخل نہ ہوسکے ، یو اے ای کا کوئی کھلاڑی بھارتی بولروں کے آگے زیادہ دیر تک نہ ٹک پایا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی پویلین چلتے بنے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے شیمان انور تھے 35 رنز بنا کر نمایاں رہے امیش یادیو اور رویندرا جدیجا نے 2،2 جب کہ بھونیشور کمار اور موہت شرما نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 18.5اوورزمیں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ میں 103 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کو پہلا جھٹکا لگا جب بائیں ہاتھ کے اوپنر شیکھر دھون آؤٹ ہوگئے ، شیکھر دھون نے تین چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنائے ، انہیں روحان مصطفیٰ نے محمد نوید کی گیند پر کیچ آؤٹ کیا ۔روہیت شرما 57اور ویرات کوہلی 33رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔متحدہ عرب امارات کی جانب سے واحد وکٹ محمد نویدنے حاصل کی۔بھارت کے روی چندرن ایشون کو مین آف دی میچ قراردیا گیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ ملک کے لئے عمدہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور اس میچ میں ٹیم کی کامیابی پر بہت خوشی ہوئی ہے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان دھونی نے کہا کہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہم اپنی کامیابیوں کا تسلسل اسی طرح جاری رکھیں اور اس کے لئے ٹیم کے تمام کھلاڑی متحد ہیں ورلڈ کپ میں کامیابی ہمارا ٹارگٹ ہے

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -