جموں وکشمیر کے دارلحکومت کو ناگپور منتقل کردیا گیا ہے:عمر عبداللہ
سرینگر(کے پی آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان حکومت سازی پر اتفاقِ رائے پراپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے دارلحکومت کوناگپور منتقل کردیا گیا ۔واضح رہے کہ ناگپور میں آرایس ایس کا صدر دفتر ہے اور یہ پہلا موقعہ ہے کہ ریاستی حکومت میں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی بھی شامل ہوگی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈرغلام نبی آزاد نے بھی چند روز قبل پی ڈی پی اور بی جے پی کے اتحاد پر انہی خیالات کا اظہار کیا تھا۔مفتی مودی ملاقات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا ہے گلے ملنے کے ساتھ ہی قطبین کا ملاپ ہوا اور اس ملن کا طریقہ کار ناگپور سے چلایا جائے گا۔عمر عبداللہ نے ان خیالات کا اظہار دلی میں پی ڈی پی سربراہ مفتی محمد سعیداور وزیراعظم نریندر مودی کی میٹنگ کے بعد کیا ،جس میں مفتی اور مودی بغلگیر ہوئے۔ عمر نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے وزارت عظمی آفس نے آج پارلیمنٹ میں جن الفاظ کا استعمال کیا ہے،اب دیکھنا ہے کہ کیا ان پر عمل کیا جائے گا ۔