ریلوے میں بھرتیوں کا پہلا فیز مکمل کرنے کیلئے 1100 اسامیاں پُر کرنے کا فیصلہ
لاہور(خبر نگار خصوصی)وزارتِ ریلوے کی طرف سے پاکستان ریلویز میں تقریباً گیارہ سو اسامیوں پر نئی بھرتیوں کی منظوری آئندہ چند روز میں ملنے کی توقع ہے۔ریلوے انتظامیہ نے سکیل ایک سے سولہ تک کی3880 اسامیوں کی بھرتی کیلئے وزارتِ ریلوے کو درخواست کی تھی جس پر پہلے مرحلے میں تقریباً گیارہ سو اسامیوں پر بھرتی کی منظوری آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید انور بوبک کے مطابق وزارتِ ریلوے سے منظوری کے بعد بھرتی کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے گا اور سب کچھ میرٹ کے مطابق ہوگا۔ تحریری امتحان نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے ہوگا۔ علاوہ ازیں ریلوے میں ’’ریشنلائزیشن ‘‘ پالیسی پر عملدرآمد کے سلسلے میں ڈویژن کی سطح پر میٹنگز کاآغاز ہوگیا ہے۔ ریلوے ہیڈکوارٹر ز میں سی ای او جاوید انور بوبک کی زیرصدارت اجلاس میں سیکریٹری ریلوے بورڈ ہمایوں رشید، چیف پرسانل آفیسر دلدار حسین اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی نثار احمد میمن سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت کسی کی نوکری ختم نہیں کی جائے گی، البتہ مختلف محکموں میں ضرورت کے مطابق اسٹاف میں ردوبدل کیا جائے گا۔کسی شعبے میں ضرورت سے زائد سٹاف کو ، ضرورت کے مطابق کسی دوسرے محکمے میں ٹرانسفر کردیا جائے گا اور اس کے لیے ضروری تربیت کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ اسامیاں