پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کل سے شروع ہوں گے
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب بھر کے9 سرکاری تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات کل2 مارچ(پیر) سے شروع ہو رہے ہیں،سیکنڈری سکول کے امتحانات میں کل22لاکھ67ہزار354امیدوار شرکت کریں گے، امتحانی مراکز پر تمام عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ امتحانی مراکز کی سیکورٹی کو مانیٹر کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں جو امتحانی مراکز کی انسپکشن اور سیکورٹی انتظامات کو دیکھے گی۔ دریں اثناء کنٹرولر امتحانات لاہور تعلیمی بورڈمحمد انورفاروق نے بتایا کہ لاہوربورڈ کے4لاکھ52ہزار133 ، گوجرانوالہ 4 لاکھ 30 ہزار910، بہاولپور 1لاکھ 55ہزار 338، ڈی جی خان 1 لاکھ 44 ہزار 739 ، ملتان 2 لاکھ 5 ہزار 766 ، سرگودھا1لاکھ80ہزار997،فیصل آباد3لاکھ13ہزار566، راولپنڈی2لاکھ48ہزار75 اور ساہیوال بورڈ میں 1لاکھ35ہزار830امیدوارسیکنڈری سکول کے امتحان میں شرکت کر یں گے۔انہوں نے بتایا کہ امیدواران کی سہولت کے لیے پنجاب کے تمام بورڈز میں مجموعی طور پر 3948امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے،جبکہ امتحانی عملہ کی تعیناتی کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ انور فاروق نے بتایا کہ میٹرک کے امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے15 سپیشل موبائل ٹیمیں ،107ڈسٹربیوٹنگ انسپکٹر،310چیئرمین سکواڈ اور190موبائل انسپکٹرزبھی تعینات کئے گئے ہیں۔