بھارتی سیکرٹری خارجہ اہم دورے پر تین مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے
اسلام آباد/نئی دہلی (آن لائن)بھارت کے سیکرٹری خارجہ سبرامنیئم جے شنکر ایک اہم دورے پر تین مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے،اس دورہ کو ملکی و عالمی میڈیا میں بڑی اہمیت دی جارہی ہے اور ذرائع ابلاغ کی نظریں اس دورے پر لگی ہوئی ہیں تاہم بھارت کی طرف سے دورہ سے زیادہ نتائج کی توقع نہ رکھنے کے بیان کے بعد عالمی میڈیا یہ سوال اٹھا رہا ہے کہ معلوم نہیں کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان برف پگھل سکے گی یا نہیں۔ گزشتہ برس ان دونوں ممالک کے حالات کشیدہ ہونے کے بعد سے کسی اعلٰی بھارتی سفارت کار کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ سبرامنیئم جے شنکر مارچ میں علاقائی ممالک کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ پاکستان بھی جائیں گے۔ وہ اسلام آباد میں اعلٰی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ جے شنکر اپنے اس دورے میں بھوٹان، بنگلہ دیش اور افغانستان بھی جائیں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خارجہ کے اس دورے کے بارے میں اْسی وقت فیصلہ کر لیا گیا تھا، جب اس ماہ کے آغاز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کرکٹ کے عالمی کپ کے آغاز کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب میاں نواز شریف کو فون کرتے ہوئے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔تاہم حکام نے کہا ہے کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ آیا یہ دورہ اور نریندر مودی کی فون کال پاکستان اور بھارت کے مابین جمی برف کو پگھلانے میں کامیاب ہو بھی سکے گی یا نہیں اور کیا اس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعطّل کے شکار امن مذاکرات کی دوبارہ بحالی ممکن ہے۔