پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر بھارتی میڈیا کی مودی حکومت پر کڑی تنقید
ممبئی /نئی دہلی ( آئی این پی ) بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور پاکستانی حکومت کی طرف سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود سابقہ قیمتوں کو برقرار رکھنے پر بھارتی میڈیا کی مودی حکومت پر کڑی تنقید ۔ ہفتہ کو بھارت کے اخبارات ’’ ٹائمز آف انڈیا ، ہندوستان ٹائمز ‘‘کے علاوہ بیشتراخبارات اور نیوز چینلز نے اس بارے میں اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ پاکستان میں نواز شریف حکومت نے گزشتہ چھ سات ماہ کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونیوالی کمی کا فائدہ اپنے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 سے 45 روپے فی لیٹر کمی کرکے پہنچایا ہے جبکہ مودی حکومت پاکستان کے مقابلہ میں بھارتی شہریوں کو یہ فائدہ نہیں پہنچا سکی ۔ بھارتی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے بھارتی حکومت کی طرف سے گزشتہ روز تین روپے سے زائد فی لیٹر کیے گئے اضافے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے بھارتی حکومت کا عوام دشمن اقدام قرار دیااور کہا کہ اس کے مقابلہ میں پاکستان میں نواز شریف کی عوام دوست حکومت نے سخت اقتصادی مشکلات اور دباؤ کے باوجود سابقہ قیمتوں کو ہی برقرار رکھا ہے ۔ بھارتی میڈیانے پاکستانی حکومت کے اس اقدام کو سراہا ہے