کیا آپ کو بھی ہر وقت سردی لگتی رہتی ہے؟ یہ موسم کا کمال نہیں، سائنسدانوں کے مطابق اصل وجہ جانئے

کیا آپ کو بھی ہر وقت سردی لگتی رہتی ہے؟ یہ موسم کا کمال نہیں، سائنسدانوں کے ...
کیا آپ کو بھی ہر وقت سردی لگتی رہتی ہے؟ یہ موسم کا کمال نہیں، سائنسدانوں کے مطابق اصل وجہ جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سردیوں میں اکثر لوگوں کو بہت زیادہ سردی لگتی ہے اور ہمارے یہاں تو ایسے لوگوں کے لیے طنزاً بھانت بھانت کے القاب بھی استعمال کیے جاتے ہیں لیکن یونیورسٹی آف جارجیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ سردی کا لگنا انسانی مزاج کا حصہ نہیں بلکہ اس کی بعض وجوہات ہوتی ہیں، اگر ان وجوہات کو ختم کر دیا جائے تو اس شخص کو بھی سردی کم لگنی شروع ہو جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”لوگوں کو زیادہ سردی لگنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ مناسب ورزش نہیں کرتے۔ روزانہ مناسب ورزش کرنے سے انسان کے دل اور پھیپھڑوں کی کارکردگی میں اضافہ ہو جاتا ہے اور جسم میں آکسیجن اور قوت بخش غذا کی فراہمی بہتر ہو جاتی ہے اور سردی کم لگتی ہے۔ جو لوگ بہت زیادہ دبلے پتلے ہوتے ہیں ان کو بھی زیادہ سردی لگتی ہے۔ ایسے افراد میں چربی کی مناسب مقدار نہیں ہوتی جو انسان کو سردی سے بچاتی ہے۔ ایسے دھان پان لوگ خوراک بھی بہت کم کھاتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں میٹابولزم (غذا کے جزو بدن بننے کا عمل) کے دوران حرارت بہت زیادہ خارج ہوتی ہے۔ یہ بھی سردی زیادہ لگنے کی ایک وجہ ہے۔ ایسے لوگوں کو صحت بخش خوراک کھانی چاہیے جس میں پروٹین، چکنائی اور کاربوہائیڈریٹ مناسب مقدار میں شامل ہوں۔“
ماہرین کا کہنا تھا کہ ” نیند کا پورا نہ ہونا، انسان میں آئرن ، وٹامن بی، پروٹین اور پانی کی کمی ہونابھی سردی لگنے کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔ان کے علاوہ جن لوگوں کا نظام دوران خون سستی کا شکار ہو انہیں بھی زیادہ سردی لگتی ہے۔ “ماہرین نے زیادہ سردی لگنے سے بچنے کے لیے تین طریقے بھی بتائے ہیں۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ جن لوگوں کو زیادہ سردی لگتی ہے انہیں کیلے کھانے چاہئیں۔ کیلے میں نشاستے کی جتنی مقدار پائی جاتی ہے اتنی کسی اور پھل میں نہیں ہوتی۔ اس سے انسان کو فوری توانائی میسر آتی ہے۔ دوسر طریقہ یہ ہے کہ جب آپ کو سردی لگ رہی ہو تو اپنے انگوٹھے اور شہادت کی انگلی کے درمیانی حصے کو دوسرے ہاتھ کی انگلی اور انگوٹھے سے مضبوطی سے 2منٹ تک پکڑے رکھیں اور پھر آہستہ آہستہ چھوڑ دیں۔ سردی لگنا کم ہوجائے گا۔ تیسرا طریقہ یہ ہے کہ روزمیری(Rosemary) اور جونیپر(Juniper) کے تیل کو لیموں کے رس میں ملا کر اس کے چند قطرے کسی کپڑے یا ٹشو پر ڈالیں اور چند سیکنڈ کے لیے انہیں سونگھیں۔ اس عمل سے بھی سردی کا احساس فوری طور پر کم ہو جائے گا۔ آپ اس مقصد کے لیے روزمیری اور جونیپر کی بجائے کوئی اور بھی خوشبودار تیل استعمال کر سکتے ہیں۔

مزید :

تعلیم و صحت -