داعش کے ستائے لوگوں کیلئے سعودی عرب کا شاندار اعلان، شاہ سلمان نے ہدایات جاری کردیں

داعش کے ستائے لوگوں کیلئے سعودی عرب کا شاندار اعلان، شاہ سلمان نے ہدایات ...
داعش کے ستائے لوگوں کیلئے سعودی عرب کا شاندار اعلان، شاہ سلمان نے ہدایات جاری کردیں

  

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) جنگ سے تباہ حال عراق کے بدقسمت شہری جائے پناہ کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں، اور خصوصاً قتل و غارت کی وجہ سے یتیم ہوجانے والے بچوں کی حالت قابل رحم ہو چکی ہے۔ سعودی عرب نے ان بے سہارا عراقی بچوں کے لئے نہایت قابل تحسین قدم اٹھاتے ہوئے ایک ہزار یتیم عراقی بچوں کی کفالت کا اعلان کردیا ہے۔

”عرب نیوز“ کے مطابق سعودی سفیر ثمر السبحان کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی خصوصی ہدایت کے مطابق عراق میں جنگ سے متاثرہ بچوں کی مدد کے لئے فوری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ اگرچہ عراق کے تمام بچوں کے لئے امدادی رقوم اور سامان فراہم کیا جارہا ہے لیکن خصوصاً ماں باپ سے محروم ہوجانے والے بچوں کی کفالت کے لئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ عراق میں مسلمان بہن بھائی دہشت گردوں کے مظالم کے شکار ہیں اور سعودی عرب ان سب کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے انبار صوبے میں ایمرجنسی مدد بھیجی جا چکی ہے۔ سعودی عرب کی طرف سے عراقی عوام کی مدد کے لئے 50 کروڑ ڈالر (50ارب پاکستانی روپے)کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے اور یہ مدد اقوام متحدہ کی زیر نگرانی فراہم کی جارہی ہے۔

عراق کے وسیع علاقوں پر داعش کے قبضے کے بعد ملک میں بے امنی سنگین ترین صورت اختیار کرچکی ہے اور اب تک لاکھوں عراقی اپنے گھر چھوڑ کر ہجرت کرنے پرمجبورہوچکے ہیں۔ جنگ کی وجہ سے متاثر ہونے والے لاکھوں بچوں میں ہزاروں ایسے ہیں کہ جو والدین کے سائے سے ہمیشہ کے لئے محروم ہو چکے ہیں۔

مزید : عرب دنیا