ٹیوٹااساتذہ‘بیروزگار نوجوانوں کو سولر ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ٹریننگ فراہم کریگی
لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نیو گرین پاور کمپنی تائیوان کی شراکت سے حاضر سروس اساتذہ اور بیروزگار نوجوانوں کو سولر ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ٹریننگ فراہم کرے گی،اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات جلدمکمل کر لئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے سابق سینئر نائب صدر لاہو ر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں ابوذر شاد کی قیادت میں تائیوانی کمپنی نیو پاورگرین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں اینڈی ٹانگ، سوسان سانگ، علیشیا ہسو، کائی ٹان، الان تسنگ، زبیر احمد اور فیصل الیاس شامل تھے۔اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ تائیوانی کمپنی پاکستان میں سولر سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ یہ کمپنی سولر ٹیکنالوجی کورسز میں تیار کردہ ٹیوٹا نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔اس وقت ٹیوٹا گورنمنٹ سٹاف ٹریننگ کالج گلبرگ لاہور میں سولر (پی وی) پینل انسٹالیشن میں400اور سولر واٹر ہیٹنگ سسٹم میں8 26چھوٹے کاروباری طبقہ کو تربیت فراہم کر چکی ہے۔ٹیوٹا نے اپنے50اساتذہ کو سولر سیکٹر کے ان کورسز میں تربیت بھی فراہم کر دی ہے ۔