گندم کی بیماری سیاہ کنگی کیلئے احتیاطی تدابیر ا‘کشاپ کل منعقد ہو گی

گندم کی بیماری سیاہ کنگی کیلئے احتیاطی تدابیر ا‘کشاپ کل منعقد ہو گی

لاہور(اے پی پی ) گندم کی بیماری سیاہ کنگی کی ایک خطرناک قسم یو جی 99کے یمن کے راستے ایران تک پہنچنے سے پاکستان میں بھی اسکے پھیلنے کا شدیدخطرہ لاحق ہو گیا۔محکمہ زراعت نے اس بیماری کے انسداد کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیاہے۔اس سلسلہ میں کل 2مارچ کو ایوب ریسرچ فیصل آباد میں ایک روزہ ماسٹر ٹریننگ ورکشاپ منعقد ہو گی جس میں محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ تحقیق و توسیع کے زرعی ماہرین شرکت کریں گے۔ ماہرگندم ڈاکٹر مخدوم حسین نے بتایا کہ گندم کی فصل اہم حیثیت کی حامل ہے کیونکہ ملکی غذائی ضروریات کا 75فیصد سے زیادہ حصہ گندم کی فصل سے پورا ہوتا ہے۔ گزشتہ سال پنجاب کے بعض علاقوں میں موسمی تبدیلیوں کے باعث گندم کی فصل پر کنگی کے حملہ سے فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوئی۔ محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول کی حالیہ رپورٹ کے مطابق کچھ علاقوں میں گندم کی فصل پر کنگی کا حملہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کنگی کی بیماری ایک سے دوسرے علاقہ میں سازگار موسمی حالات میسر آنے پر قوت مدافعت نہ رکھنے والی اقسام پر حملہ آور ہوتی ہے اور فی ایکڑ پیداوار میں 50 فیصد تک کمی کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کی بیماری بھوری کنگی کے پھیلاؤ کیلئے موزوں ترین درجہ حرارت 20تا 25، زردکنگی کیلئے 10تا 20 اور سیاہ کنگی کیلئے 20تا 35ڈگری سینٹی گریڈ ہے ۔ سیاہ کنگی کی ایک خطرناک قسم یو جی 99یمن کے راستے ایران تک پہنچ گئی ہے اور پاکستان میں بھی اس بیماری کا خطرہ لاحق ہے۔ اس بیماری کے حملہ کی صورت میں پتوں و تنوں پر بھورے اور کالے رنگ کے دھبے نمودار ہوتے ہیں ۔

جو بعد میں پھٹ جاتے ہیں اور سیاہ رنگ کا پاؤڈر باہر نمودار ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت زرعی اجناس کو موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے موثراقدامات کر رہی ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب نے زرعی سائنسدانوں کی سفارش پر گندم کی بوائی کے موقع پر صوبہ کے 23 ہزار 8 سو 90 گاؤں کے منتخب کاشتکاروں کو گندم کی زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل منظور شدہ اقسام چکوال 50، فیصل آباد 2008، پنجاب 2011 اور گلیکسی 2013 کا کنگی کی بیماری سے محفوظ بیج مفت فراہم کیا ہے۔ پنجاب حکومت کے اس بروقت اقدام سے اگلے سال تمام کاشتکاروں کو گندم کی ترقی دادہ اقسام کا کنگی سے محفوظ بیج دستیاب ہوگا۔گندم کی فصل میں سٹے نکلنے اور دانہ بھرائی کے مرحلہ پر کاشتکار اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور فصل پر کنگی کی بیماری کا حملہ ہونے کی صورت میں زرعی ماہرین کی مشاورت سے مناسب پھپھوندکش زہروں کے استعمال کو یقینی بنائیں تاکہ اس کا بروقت سدباب ممکن بنایا جاسکے۔

مزید : کامرس