ممتاز قادری کی پھانسی،تین کچہریوں میں ریکارڈ کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات
لاہور(اپنے نمائندے سے)ممتاز قادری پھانسی کے ردعمل اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈسٹرکٹ کلکٹر لاہور کی ہدائت پر ضلع لاہور کی تینو ں کچہریوں میں موجود ریونیو ریکارڈ کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ،مصدقہ نقول برانچز اور رجسٹریشن برانچیں بند رہیں ،سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس،سول ڈیفنس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی،ٹریفک کی بدترین بندش اور مظاہرین کی وجہ سے سینکڑوں ریونیو اہلکاران اپنی ڈیوٹیوں پر نہ پہنچ سکے،سٹاف کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہری بھی گھروں میں بند ہو کر رہ گئے ،معلومات کے مطابق گزشتہ روز ممتاز قادری کی پھانسی کے بعد ضلع لاہو رمیں جگہ جگہ مظاہروں اور ٹریفک کی بندش کے باعث عام لوگوں کے ساتھ سرکاری ملازمین ،طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ضلع لاہور کی تینوں کچہریوں میں عوام کے اربوں روپے کے ریونیو ریکارڈ کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی اقدامات کے تحت مصدقہ نقول برانچیں اور رجسٹریشن برانچیں بند رہنے کے ساتھ پولیس اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ،شہر کے داخلی راستے بند ہونے کے باعث ریونیو سٹاف کی کثیر تعداد اپنی ڈیوٹیوں پر بھی نہ پہنچ سکی ،جس کی وجہ سے ضلع کچہریاں اور سرکاری دفاتر بھی ویرانی کا منظر پیش کرتے رہے ،وکلاء کے مطابق اس طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے انتظامات درست ہیں ۔