کشمیری تکمیلِ پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں،خضر حیات گوندل

کشمیری تکمیلِ پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں،خضر حیات گوندل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے کہا ہے کہ کشمیری تکمیلِ پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں وہ بھارت سے آزادی کے متمنی ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حق خودارادیت دیا جائے۔ پاکستان کی عوام اور بالخصوص نوجوانوں اور طلباء میں مسئلہ کشمیر سے متعلق شعور کی آگہی کیلئے کشمیر لبریشن سیل کا کردار لائق تحسین ہے۔ مختلف شہروں میں قائم کشمیر سنٹرز کے پلیٹ فارم سے تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ اورتازہ ترین صورتحال سے آگاہی کیلئے اور قومی سطح پر اس مئلے کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں قومی نوعیت کاحامل اہم کام کیا جارہاہے۔

خضر حیات گوندل نے ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل زاہد عباسی سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انچارج کشمیر سنٹر لاہور سردار ساجد محمود بھی موجود تھے۔ خضر حیات گوندل نے کہا کہ کشمیری پون صدی سے جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں وہ بندوقوں کے سائے تلے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے اور پاکستان کا قومی پرچم سربلند کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشتیبان ہے پاکستان نے ہر فورم پر کشمیریوں کے موقف کی نہ صرف تائید و حمایت کی بلکہ عالمی برادری پر زور ڈالا کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرواتے ہوئے بھارت کو مجبور کرے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے استصوابِ رائے کے وعدے کو جلد عملی جامہ پہنائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ لاہور میں قائم کشمیر سنٹر کے ذریعے شہریوں کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ سے آگاہی میں خاصی مدد مل رہی ہے۔