شوکت خانم ہسپتال کا چوتھا فیسٹیول آ ف لائف،ہزاروں افراد کی شرکت
لاہور(پ ر)شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کے چوتھے سالانہ ’’فیسٹیول آف لائف‘‘ میں ہزاروں افراد کی شرکت نے جشن کا سماں باندھ دیا یہ میلہ ملک کی فیشن انڈسٹری سے منسلک شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے خیر خواہوں کی طرف سے کیا گیا۔تفریح اور فیشن سے لیس اس میلہ کا مقصد شوکت خانم کینسر ہسپتال میں زیر علاج کینسر کے نادار مریضوں کے علاج کیلئے عطیہ اکٹھا کرنا تھا۔لوگوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ فیشن اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اس عظیم مقصد کیلئے اس فیسٹیول میں شریک تھیں جن میں منیبہ مزاری، نادیہ جمیل، علی عظمت ، فیصل رحمان اور ٹاپ ماڈل رابعہ بٹ شامل تھیں۔ پاکستان فیشن ڈیزائن کونسل کی جانب سے معروف ڈیزائنرز کے عطیہ کردہ کپڑوں اور لیڈیز شوز کے سٹالز پر خواتین نے خصوصی دلچسپی لی اور خریداری کی۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے پلے ایریا اور فوڈ کور ٹ کا انتظام بھی کیاگیا اور قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے جن میں ڈائیوو ٹریولز اینڈ ٹورز کی طرف سے دو افراد کیلئے عمرے کے تمام اخراجات کا گرینڈ پرائز بھی شامل تھا۔اس موقع پر مختلف گروپوں نے میوزیکل پرفارمنس بھی دیں ، جس میں خاص بات ہسپتال کے مستقل سپورٹر Quadrum بینڈ کی پرفارمنس تھی جس کو لوگوں نے خوب سراہا اور کھل کر داد دی۔ اس کے علاوہ سپیشل بچوں کے میوزیکل بینڈ نے اپنی پرفارمنس سے خوب داد سمیٹی۔ اس فیسٹیول کیلئے یو بی ایل، رائل فین، پیپسی اور گورمے ایوینٹ پارٹنرز نے تعاون کیا۔